پاکستانبین الاقوامی

نیویارک سٹی کا مائیگرنٹ بحران ، مئیر ایڈمز کا دورہ واشنگٹن

نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز نے ایک بار پھر واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کیا جو کہ بطور مئیر ان کا 10واں دورہ ہے

نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز نے ایک بار پھر واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کیا جو کہ بطور مئیر ان کا 10واں دورہ ہے ۔ مئیر ایڈمز ، مائیگرنٹ بحران سے نبرد آزما ہونے کے لئے مسلسل بائیڈن انتظامیہ پر سٹی کو زیادہ سے زیادہ فنڈز جاری کرنے پر زو ر دے رہے ہیں

نیویارک ( محسن ظہیر سے ) نیویارک سٹی میں نومبر کے آخری ہفتے میں ، ایک ہفتے کے دوران داخل ہونے والے رفیوجیز ( پناہ گزینوں ) کی تعداد 3,600تھی جنہوں نے نیویارک میں اب تک داخل ہونے والے ایک لاکھ 45ہزار زائد پناہ گزینوں کی تعداد میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ ان تمام پناہ گزینوں کو نیویارک سٹی میں بسانے اور پناہ دینے میں نیویارک سٹی کو کردار ادا کرنا پڑرہا ہے جس پر سٹی گورنمنٹ کے لاکھوں ڈالرز خرچ ہو رہے ہیں ۔

نیویارک سٹی کے بجٹ آفس کے مطابق سٹی گورنمنٹ کو آئندہ تین سالوں کے لئے پناہ گزینوں کی وجہ سے اٹھنے والے اخراجات کے لئے کم از کم 12ارب ڈالرز کا بجٹ درکار ہوگا۔ فیڈرل گورنمنٹ جس کی پالیسی کی وجہ سے پناگ گزین مختلف ممالک سے امریکہ داخل ہو نے کے بعد دیگر بڑے شہروں کی طرح اہم امریکی شہر نیویارک سٹی کا رخ کررہے ہیں، وہ فیڈرل گورنمٹ ، نیویارک سٹی کو پناہ گزینوں ( مائیگرنٹس) کے بحران سے نمٹنے کے لئے خاطر خواہ فنڈز نہیں دے رہی ۔

نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز نے ایک بار پھر واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کیا جو کہ بطور مئیر ان کا 10واں دورہ ہے ۔ مئیر ایڈمز ، مائیگرنٹ بحران سے نبرد آزما ہونے کے لئے مسلسل بائیڈن انتظامیہ پر سٹی کو زیادہ سے زیادہ فنڈز جاری کرنے پر زو ر دے رہے ہیں ۔ واشنگٹن ڈی سی روانگی سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مئیر کا کہنا تھا کہ نیویارک سٹی میں مائیگرنٹ بحران کی ذمہ دار فیدرل گورنمنٹ ہے اور وہ اپنی ذمہ داریاں پورے کرے ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران مئیر ایڈمز جن کے ساتھ ان کی انتظامیہ کے تمام اعلیٰ حکام موجود تھے، کا کہنا تھا کہ نیویارک سٹی میں ٹریف رش کے اوقات کے دوران 15ڈالرز فی گاڑی ’کنجیشن پرائس “ سے ییلو کیب کو مستثنیٰ قرار دینے کے لئے کہا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس پلان سے نہ صرف سٹی کو ریونیو حاصل ہوگا بلکہ شہر میں ٹریفک کے نظام کی بہتری سے بزنس میں بہتر ہوگا۔

مئیر کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں نیویارک سٹی میں جرائم کمی ہوئی ہے اور جرائم پر قابو پانے کے سلسلے میں انتظامیہ اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی ۔ایک سوال کے جواب میں مئیر ایڈمز کا کہنا تھا کہ نیویارک سٹی میں نفرت کی کوئی گنجائش موجود نہیں ۔اگر کوئی قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتا ہے تو اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عباد گاہوں کی سیکورٹی کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں تاہم شہری خود بھی محتاط اور چوکنے رہیں ۔

 

Related Articles

Back to top button