
اسلام آباد ( اردونیوز ) بھارت کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں اور بارڈرز اور بعض کیسوں میں ڈرونز کے ذریعے اشتعال انگیز کاروائیاں جاری ہیں جن کے خلاف پاکستا ن کی مسلح افواج بھرپور دفاع کررہی ہے اور پاکستان کی جانب سے بھارت کو وارننگ دی جا رہی ہے کہ اب تک ہونیوالی بھارتی تباہی کے ساتھ ساتھ آنیوالے وقت میں بھارت کو اپنی کاروائیوں کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے ۔ اس دوران عالمی قائدین کی سفارت کاری بھی جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ بھارت اور پاکستان کی محدود جنگ بندی کسی بڑی جنگ میں تبدیل نہ ہو اور دونوں ممالک جنگ کے محاذ سے مذاکرات کی میز پر آمنے سامنے آجائیں ۔
اطلاعات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے کیانی اور منڈل سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں احمد پور شرقیہ، باغ، مرید کے اور مظفر آباد اور کوٹلی کے علاقوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا اور ان کاروائیوں میں ایک بچی ، تیرہ شہری شہید ہو گئے ۔ ان کاروائیوں کے جواب میں پاکستانی فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ کر دی ہیں ۔ لائن آف کنٹرول پر صورت حال بدستور کشیدہ ہے اور دونوں ممالک کی افواج ہائی الرٹ پر ہیں۔