بین الاقوامی

چھ ماہ میں دو حادثات ، بوئنگ 737میکس طیارے دنیا کے اہم ممالک میں گراونڈ

انڈونیشیا کے بعد حال ہی میں ایتھوپیا ائیرلائینز کے زیر استعمال بوئنگ کے 737میکس طیارے کے حادثے کے بعد دنیا کے اہم ممالک میں ان طیاروں کو گراونڈ کیا جا رہا ہے

نیویارک (اردونیوز ) انڈونیشیا کے بعد حال ہی میں ایتھوپیا ائیرلائینز کے زیر استعمال بوئنگ کے 737میکس طیارے کے حادثے کے بعد دنیا کے اہم ممالک میں ان طیاروں کو گراونڈ کیا جا رہا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ کیا وجوہات ہیں کہ جن کی وجہ سے چھ ماہ کے قلیل عرصے میں ان طیاروں کو حادثات پیش آئے ہیں جن کی وجہ سے تین سو سے زائد مسافر اپنے جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔بوئنگ کے ان طیاروں کو گراونڈ کرنے کی فہرست طویل ہوتی جا رہی ہے اور اس فہرست میں حال ہی میں انڈیا بھی شامل ہو گیا ہے جس کی وزارت ایوی ایشن نے ان طیاروں کو استعمال نہ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ۔
انڈیا، ان ممالک کی طویل ہوتی فہرست میں ایک نیا اضافہ ہے جنھوں نے بوئنگ 737 میکس طیاروں پر اپنی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ اتوار کو ایتھوپیا میں پیش آئے فضائی حادثے کے بعد سے اب تک درجنوں ممالک بشمول برطانیہ، چین اور آسٹریلیا نے بوئنگ کے اس ماڈل کے طیارے جس کو حادثہ پیش آیا تھا پر پابندی عائد کی ہے۔ اس حادثے میں 157 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔جبکہ دیگر ممالک نے اس حوالے سے ہونے والی تحقیقات کا جائزہ لینے کے بعد ان طیاروں کو مزید استعمال کرنے یہ نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ دیگر ممالک اس کا استعمال بدستور جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یورپی یونین ان طیاروں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی عائد کی چکی ہے۔
امریکی حکام کا ماننا ہے کہ یہ طیارہ اب بھی سفر کے لیے محفوظ ہے جبکہ برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے پاس حالیہ حادثے کے حوالے سے مناسب معلومات نہیں جس کے باعث انھیں احتیاطاً پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔

Related Articles

Back to top button