نیویارک میں امریکی کانگریس ویمن پاکستانی علاقے میں حلال کھانا تقسیم کرنے پہنچ گئیں
ایوٹ کلارک حلال فوڈ تقسیم کرنے کے سلسلے میں جب کونی آئی لینڈ پہنچیں تو کمیونٹی قائدین ذکریا خان ، صاحبزادہ شبیر ، نثار خان ، کاشف حسین ، کیپٹن عدیل رانا ،احسن چغتائی نے ان کو خوش آمدید کہا
تازہ و گرم حلال کھانا لینے کے لئے لوگوں کی ایک بڑی قطار موجود تھی،کانگریس ویمن کلارک کو دیکھ کر خوشگوارحیرت کا اظہار کیا ۔ کانگریس ویمن دو سے زائد گھنٹوں تک موجود رہیں ، حلال کھانے تقسیم کئے
نیویارک (محسن ظہیر) نیویارک میں کرونا وائرس وبا کے دوران روزہ داران سمیت بلا امتیاز نیویارکرز میں افطاری کے وقت حلال کھانوں کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ۔نیویارک کے علاقے بروکلین میں چارمختلف مقامات پر گرم حلال کھانے اور جائرہ تقسیم کی جاتی ہے جو کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مشہور جائرو کنگ کی جانب سے بنائی جاتی ہے اور انہی کی کارٹس پر تقسیم کی جاتی ہے۔
خدمت خلق کے اس سلسلے میں بروکلین سے یو ایس کانگریس ویمن ایوٹ ڈی کلارک نے بھی اپنا حصہ ڈالا ۔ سوموار گیارہ ستمبر کو وہ نیوکرک ایونیو اور کونی آئی لینڈ ایونیو پر اپنے سٹاف کے ساتھ پہنچیں جہاں انہوں نے جائرو کارٹ پر کھڑے ہو کر خود جائرو اور کھانے پیک تقسیم کئے اور روزہ داروں سمیت مقامی نیویارکرز میں تقسیم کئے ۔
اس سلسلے کے تحت رمضان شریف کے پورے مہینے میں روزانہ کم از کم ایک ہزار گرم ، تازہ و حلال کھانے روزہ داروں اور مقامی شہریوں میں تقسیم کئے جائیں گے ۔”ہمارے ساتھ روزہ افطار کریں ۔Break fast with us“ کے نام سے، خدمت خلق کے اس کام میں پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی کی مختلف تنظیمیں جن میں خیبر سوسائٹی آف امریکہ ، پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی (PAYS)،مسلم آفیسر سوسائٹی نیویارک ، شور فرنٹ ، یمنی امریکن ایسوسی ایشن سمیت دیگر شامل ہیں ۔
ایوٹ کلارک حلال فوڈ تقسیم کرنے کے سلسلے میں جب کونی آئی لینڈ پہنچیں تو مذکورہ تنظیموں کے قائدین ذکریا خان ، صاحبزادہ شبیر ، نثار خان ، کاشف حسین ، کیپٹن عدیل رانا ،احسن چغتائی ، اسریٰ ، زونیرہ احسن سمیت دیگر نے ان کو خوش آمدید کہا ۔
تازہ و گرم حلال کھانا لینے کے لئے لوگوں کی ایک بڑی قطار موجود تھی اورانہوں نے کانگریس ویمن کلارک کو دیکھ کر خوشگوارحیرت کا اظہار کیا ۔ کانگریس ویمن دو سے زائد گھنٹوں تک موجود رہیں ، اس دوران انہوں نے لوگوں میں تازہ حلال کھانے تقسیم کئے ، ان کی خیریت دریافت کی اور اپنی جانب سے لوگوں میں ماسک بھی تقسیم کئے ۔
بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس ویمن نے کہا کہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہوں گی کہ آئیں نیویارک میں آکر دیکھیں کہ کیسے امیگرنٹ کمیونٹیز بلا امتیاز اس مشکل وقت میں امریکی عوام کی مدد اور خدمت کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امیگرنٹ کمیونٹیز کی امریکہ کی تعمیر و ترقی ، عوام کی فلاح و بہبود میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے ۔ بالخصوص موجودہ حالات میں کہ جب پورا ملک کرونا وائرس کے بحران سے نبرد آزما ہے ،تو اس موقع پر امیگرنٹ کمیونٹیز کا کردارقابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس میں کرونا بحران کی وجہ سے معاشی بحران اور مشکلات کا شکار ہونیوالے نیویارکرز کے لئے بھرپور آواز اٹھائیں گی ۔ یہ وقت ہے کہ حکومت تمام تروسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی بلا امتیاز مدد کرے ۔
قبل ازیں بروکلین کے اسمبلی مین رابرٹ کیرول نے بھی مقامی لوگوں میں حلا ل کھانے تقسیم کئے اور منتظمین کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔
”ہمارے ساتھ روزہ افطار کریں ۔Break fast with us“سلسلے کے منتظمین نے کانگریس ویمن ایوٹ کلارک اور اسمبلی مین رابرٹ کلار ک کا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا ۔ انہوں نے انہیں امیگرنٹ کمیونٹیز کے مسائل میں روز بروز ہونیوالے اضافے کے بارے میں بھی بتایا ۔
Congresswoman Yvette D. Clarke, Halal Food