لندن: بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی طبیعت میں بہتری، جماعت کی جانب سے صحت سے متعلق تازہ اپ ڈیٹ جاری
الطاف حسین گزشتہ تین روز سے لندن کے ایک مقامی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ آج بھی ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور مزید ٹیسٹ تجویز کیے ہیں
لندن ( اردو نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (لندن) کی جانب سے بانی تحریک و قائد جناب الطاف حسین کی صحت سے متعلق تازہ اپ ڈیٹ جاری کر دی گئی ہے۔ ایم کیو ایم کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بانی تحریک کی بسترِ علالت سے لی گئی تصویر کے ہمراہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ جناب الطاف حسین کی طبیعت میں آج واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
بیان کے مطابق جناب الطاف حسین گزشتہ تین روز سے لندن کے ایک مقامی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ آج بھی ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور مزید ٹیسٹ تجویز کیے ہیں۔ ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق انہیں ضروری ادویات دی جا رہی ہیں اور ان کی صحت میں بہتری کے آثار سامنے آ رہے ہیں۔
ایم کیو ایم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جناب الطاف حسین نے اپنی صحتیابی کے لیے دعائیں کرنے والی ماؤں، بہنوں، بزرگوں، بچوں، نوجوانوں اور تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور سب کو آداب پیش کیے۔ انہوں نے نامساعد حالات کے باوجود تحریک کے لیے کام کرنے والے اپنے ثابت قدم ساتھیوں کو سیلوٹ بھی پیش کیا۔
واضح رہے کہ طبیعت ناساز ہونے کے باعث جناب الطاف حسین کو اتوار کی شام اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ دریں اثنا رابطہ کمیٹی نے کارکنان اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قائدِ تحریک الطاف حسین کی جلد صحتیابی اور درازیٔ عمر کے لیے دعائیں جاری رکھیں۔
سوشل میڈیا پر بھی قائدِ تحریک کی صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ہیش ٹیگ
#GetWellSoonAltafBhai
تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔



