امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کی بھارت کی بلا اشتعال فوجی جارحیت کی شدید مذمت
APPAC Condemns India’s Unprovoked Military Aggression: “An Attack on South Asian Peace, Not Just Pakistan” — Dr. Ijaz Ahmed and Dr. Pervaiz Iqbal

بھارت کا حملہ صرف پاکستان پر نہیں بلکہ جنوبی ایشیا میں امن پر حملہ ہے۔ اے پی پیک کے چئیرمین ڈاکٹر اعجاز احمد اور پریذیڈنٹ ڈاکٹر پرویز اقبال کا مشترکہ بیان
نیویارک (پ ر) امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی پیک۔APPAC) نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کی گئی حالیہ بلااشتعال فوجی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ”اے پی پیک“ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔کمیٹی نے معصوم جانوں کے ضیاع اور دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ، امریکی کانگریس اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اقدامات کریں تاکہ صورتحال مزید نہ بگڑے اور بھارت کو اس غیر ذمہ دارانہ فوجی جارحیت پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
”اے پی پیک“کے مطابق بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” بین الاقوامی سطح پر غیر قانونی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہی ہے، جن میں کینیڈا، برطانیہ اور پاکستان شامل ہیں۔ امریکہ میں بھی بھارتی اہلکار امریکی شہریوں کو قتل کرنے کی سازش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اور محکمہ انصاف نے ان پر فرد جرم عائد کی۔ علاوہ ازیں، بھارت افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کرتا رہا ہے تاکہ پاکستان کو غیر مستحکم کیا جا سکے۔ یہ پرتشدد سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔
”اے پی پیک“کے صدر ڈاکٹر پرویز اقبال نے کہا، “یہ حملہ صرف پاکستان پر نہیں بلکہ جنوبی ایشیا میں امن پر حملہ ہے۔” چیئرپرسن ڈاکٹر اعجاز احمد نے زور دیا کہ “امریکہ کو دانشمندی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کو تعمیری مذاکرات کی جانب لانا چاہیے تاکہ خطے میں استحکام اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔”کمیٹی نے اپنے دیرینہ مو¿قف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف تبھی ممکن ہے جب جموں و کشمیر کے مسئلے کو بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور دیانتداری سے حل کیا جائے۔
”اے پی پیک“نے اس نازک موقع پر پاکستانی عوام اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی راستوں، کشیدگی کے خاتمے، اور باہمی احترام کی بنیاد پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کی اپیل کی ہے۔ ’اے پی پیک“نے توجہ دلائی کہ جنوبی ایشیا شدید غربت، ناقص صحت کی سہولیات اور زبوں حال انفراسٹرکچر جیسے سنگین مسائل کا شکار ہے، اس لیے بھارت، پاکستان اور دیگر علاقائی طاقتوں کو اپنی توانائیاں اصل مسائل کے حل پر مرکوز کرنی چاہئیں۔کمیٹی نے تمام امریکی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن کے قیام اور پرتشدد رجحانات کے خاتمے کے لیے آواز بلند کریں۔
APPAC Condemns India’s Unprovoked Military Aggression: “An Attack on South Asian Peace, Not Just Pakistan” — Dr. Ijaz Ahmed and Dr. Pervaiz Iqbal