اوورسیز پاکستانیز

پانچ جولائی، یوم سیاہ ،خالد اعوان اور ساتھیوں کے زیر اہتمام مذمتی تقریب

امریکہ بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھی ہر سال پانچ جولائی کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت کےلئے بیرون ممالک میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرینگے

 
پانچ جولائی کوذوالفقار علی بھٹوکی حکومت ہی نہیں بلکہ جمہوریت کی بساط لپیٹ کر ڈکٹیٹرنے جمہوریت کے تحت بننے والے ملک کی جڑیں کمزور کرنے کی کوشش کی تھی ، خالد اعوان

آن لائن زوم کانفرنس میں بیگم نرگس اعوان ، ڈاکٹرجاوید منظور ، ظفر چٹھہ ، سلمان بٹ، سیمی اسد، لیاقت خان ، وکٹرگل ، سلمان ظفر،شاہ ویز اعوان سمیت پارٹی کے دیگر ساتھی شریک ہوئے

نیویارک (اردونیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے رہنما خالد اعوان اور ان کے ساتھیوں کے زیر اہتمام حسب روایت اس سال بھی پانچ جولائی کے حوالے سے یوم سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلے میں آن لائن زوم کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں امریکہ میں موجود پارٹی رہنما بیگم نرگس اعوان کے علاوہ پارٹی اور کمیونٹی کی اہم شخصیات ڈاکٹرجاوید منظور ، ظفر چٹھہ ، سلمان بٹ، سیمی اسد، لیاقت خان ، وکٹرگل ، سلمان ظفر،شاہ ویز اعوان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ کانفرنس میں پانچ جولائی 1977کو جنرل ضیاءالحق کی جانب سے ملک میںمارشل لاءکے نفاذ کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پانچ جولائی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔
خالد اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ جولائی کو قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی حکومت ہی نہیں بلکہ جمہوریت کی بساط لپیٹ کر ایک ڈکٹیٹرنے جمہوریت کے تحت بننے والے ملک کی جڑیں کمزور کرنے کی کوشش کی تھی۔پاکستان جمہوریت کی بنیاد پر بنا اور جمہوری طریقہ سے ہی آگے بڑھ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا، بھٹو خاندان اور پیپلز پارٹی نے بے مثال جدوجہد اور قربانیاں دے کر ملک و قوم کو جمہوری نظام واپس دلایا۔
بیگم نرگس اعوان نے کہا کہ آج بھٹو شہید عوام کے دلوں میں زندہ ہیں ، پیپلز پارٹی قائم و دائم ہے لیکن ڈکٹیٹر ضیاءالحق کی داستاں بھی نہیں ہے ، داستانوں میں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارٹی قائدین کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔پاکستان کی بقاء، سلامتی اور ترقی صرف اور صرف جمہوری نظام میں ہے۔
ڈاکٹرجاوید منظورنے کہا کہ بھٹو شہید کے بعد شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جان کی قربانی صرف اور صرف جمہوریت کے لئے دی ۔ ان کا ایمان تھا کہ ایک جمہوری پاکستان ہی مضبوط پاکستان بن سکتا ہے ۔
سلمان بٹ ، ظفر چٹھہ ، سلمان ظفراور سیمی اسد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جب بھی ترقی کی تو جمہوری دور میں کی ، اس لئے جمہوریت کو مضبوط بنانا ہے ۔ لیاقت خان ، وکٹر گل نے کہا کہ پانچ جولائی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جمہوریت کے لئے کی جانیوالی جدوجہد ایک مسلسل جدوجہد ہے ، جسے کبھی بھی ترک نہیں کرنا چاہئیے۔ جمہوریت کے بعد اس کے استحکام اور مضبوطی کے لئے کردار ادا کرنا چاہئیے ۔

PPP USA Observes 5th July as black dayin New York

Related Articles

Back to top button