امریکی سپریم کورٹ میں پیدائشی امریکی شہریت کے حق پر پابندی کیس کی سماعت
Supreme Court to Hear Case on Trump's Order Ending Birthright Citizenship for Children of Non-Citizens

صدر ٹرمپ کی جانب سے صدارت سنبھالنے کے پہلے دن جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر میں پیدائشی امریکی شہریے کے حق پر پابندی عائد کی گئی جسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے
نیویارک ( محسن ظہیر سے ) امریکی سپریم کورٹ جمعرات، 15 مئی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس متنازع ایگزیکٹو آرڈر پر سماعت کر رہی ہے، جس کے تحت امریکہ میں غیر قانونی تارکین وطن یا عارضی ویزے پر موجود افراد کے بچوں کو پیدائشی شہریت دینے کے حق کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔یہ حکم نامہ ٹرمپ نے دوبارہ صدارت سنبھالنے کے پہلے ہی دن جاری کیا تھا، جس کے تحت نہ صرف غیر قانونی تارکین کے بچوں بلکہ ”ایچ ون بی “جیسے عارضی ویزہ ہولڈرز کے یہاں پیدا ہونے والے بچوں کو بھی شہریت دینے سے انکار کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ میں اس کیس کو تیزی سے شامل کیا گیا ہے، اور یہ سماعت اس سوال کے گرد گھوم رہی ہے کہ آیا ٹرمپ کا حکم آئینی ہے یا نہیں۔ اگرچہ یہ کیس براہِ راست آئینی شہریت کے سوال پر مبنی نہیں ہے، تاہم ایمرجنسی اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کو اس حکم پر وسیع پیمانے پر عملدرآمد کی اجازت دے۔
متعدد شہری حقوق کی تنظیموں نے اس حکم کو عدالت میں چیلنج کیا ہے اور اپنے دلائل کے ساتھ امیکس بریفز بھی جمع کروائے ہیں، جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ اقدام 14ویں آئینی ترمیم کی خلاف ورزی ہے۔ اس ترمیم کے مطابق، امریکہ میں پیدا ہونے والے تمام بچوں کو پیدائشی شہریت حاصل ہے، چاہے ان کے والدین کی قانونی حیثیت کچھ بھی ہو۔
ماہرین کے مطابق، اس نئی پالیسی کے تحت ہر سال تقریباً 2 لاکھ 55 ہزار بچے متاثر ہوں گے، اور اگر اس پر عملدرآمد ہوا تو 2045 تک 27 لاکھ بچوں کی ایک نئی “بے وطن” نسل وجود میں آ سکتی ہے، جنہیں نہ صرف شہریت سے محروم رکھا جائے گا بلکہ وہ سیاسی، سماجی اور معاشی شرکت کے حق سے بھی محروم ہوں گے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق، اس کیس میں ایک اور اہم پہلو وفاقی عدالتوں کی طاقت کو محدود کرنے کا ہے، جس سے ٹرمپ انتظامیہ کو اپنی پالیسیوں پر تیزی سے عملدرآمد کا موقع ملے گا۔سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ امریکہ کے آئینی مستقبل اور لاکھوں بچوں کے حقِ شہریت پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
Supreme Court to Hear Case on Trump’s Order Ending Birthright Citizenship for Children of Non-Citizens