بین الاقوامی

سعودی عرب کےلئے نامزد سفیر بلال اکبر کی صدر علوی سے ملاقات

صدر عارف علوی نے نامزد سفیر کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کیلئے کوششیں کریں گے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مشترکہ تاریخ ، ثقافت ،روایات ، عقائد اور اقدار کا رشتہ ہے، پاکستان برادر ملک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ یہ بات انہوں نے سعودی عرب کے لئے پاکستان کے نامزد سفیرلیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک کے مابین مشترکہ تاریخ ، ثقافت ، روایات ، عقیدے اور اقدار کا رشتہ ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے، دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مشترکہ خیالات رکھتے ہیں۔ صدر عارف علوی نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نامزد سفیر کو تاکید کی کہ وہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل حل کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے نامزد سفیر کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کیلئے کوششیں کریں گے۔

صدر مملکت نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی وفود کے تبادلے کے لئے کوششیں کریں۔ صدر عارف علوی نےسعودی عرب میں تمام سطحوں پر بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Bilal Akbar meet President Alvi

Related Articles

Back to top button