پاکستانبین الاقوامی

نیوجرسی میں کمیونٹی میڈیا ایوارڈز تقریب، گورنر میکی شیریل کی ایتھنک میڈیا کی خدمات کو خراج تحسین

ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا ایسی مقامی کہانیوں کو سامنے لاتا ہے جسے مین سٹریم میڈیا نظر اندازکرجاتا ہے، یہ ادارے اپنی کمیونٹیز کے لیے معلومات کا ایک اہم ذریعہ اور سہارا ہوتے ہیں،گورنر شیریل

ریاست میں امیگریشن حکام قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں، یو ایس امیگریشن (ICE) کو کو عدالتی وارنٹ کے بغیر ریاستی املاک کے غیر عوامی حصوں تک رسائی محدود کر دی گئی ہے،گورنر شیریل
سینیٹر اینڈی کم نے کہا کہ وہ اس بات کے لیے پرعزم ہیں کہ ریاست کے تمام شہریوں کو مستند معلومات تک مساوی رسائی حاصل ہو تاکہ وہ سماجی اور شہری سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں
تقریب نہ صرف ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا کی خدمات کو سراہنے کا موقع بنی بلکہ اس نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ متنوع آبادی والے معاشرے میں مقامی اور کثیر لسانی صحافت جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے

نیوجرسی ( اردو نیوز) نیوجرسی میں منعقد ہونے والی ”نیوجرسی ایکسی لینس اِن کمیونٹی میڈیا ایوارڈز“ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میکی شیریلنے ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ میڈیا ادارے مقامی کمیونٹیز تک درست اور بروقت معلومات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔یہ تقریب کواپریٹو میڈیا سنٹر کی جانب سے مونٹ کلئیر سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس میں ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے صحافیوں، منتخب نمائندوں، ریاستی اداروں کے حکام، تعلیمی رہنماو¿ں اور کمیونٹی تنظیموں کے نمائندوں سمیت تقریباً سو افراد نے شرکت کی۔
گورنر شیریل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا ایسی مقامی کہانیوں کو سامنے لاتا ہے جو اکثر مرکزی دھارے کے میڈیا میں نظر انداز ہو جاتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ ادارے اپنی کمیونٹیز کے لیے معلومات کا ایک اہم ذریعہ اور سہارا ہوتے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی میڈیا سے وابستہ صحافی طویل اوقات تک کام کرتے ہیں تاکہ عوامی مسائل اور مقامی معاملات کو اجاگر کیا جا سکے۔
گورنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی سطح پر ہونے والے سرکاری اجلاسوں اور فیصلوں کی رپورٹنگ جمہوریت کے لیے ضروری ہے کیونکہ یہی معلومات عوام کو بہتر فیصلے کرنے میں مدد دیتی ہیں اور حکومت کو جوابدہ بناتی ہیں۔
اس موقع پر گورنر شیریل نے اپنی حکومت کے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ریاست میں امیگریشن حکام قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا گیا ہے جس کے تحت یو ایس امیگریشن اینڈ کسٹمز افورسمنٹ ( ICE)کو عدالتی وارنٹ کے بغیر ریاستی املاک کے غیر عوامی حصوں تک رسائی محدود کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ رہائشیوں کو ان کے قانونی حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے 22 زبانوں میں ”اپنے حقوق جانیں “آن لائن پورٹل بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
تقریب میں ہسپانوی زبان کے اخبار ’ایل لاطینو نیوز‘کے پبلشر اور ایڈیٹر کارلوس اویلا نے کہا کہ گورنر اور دیگر منتخب نمائندوں کی اس تقریب میں شرکت ایتھنک میڈیا کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹی کمیونٹی اشاعتوں کو عام طور پر بڑے میڈیا اداروں کی طرح سرکاری تقریبات تک رسائی نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے ایتھنک میڈیا کو اپنی آواز بلند کرنے اور حکومت تک رسائی کا بہتر موقع ملتا ہے۔
تقریب کے دوسرے حصے میں نیوجرسی کے سینیٹر راج مکھر جی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں جب یہ کہا جا رہا ہے کہ صحافت کمزور ہو رہی ہے، اس وقت سچ پر مبنی صحافت پہلے سے زیادہ اہم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی اور ایتھنک میڈیا مختلف ثقافتوں اور تارکین وطن کمیونٹیز کی حقیقی کہانیاں سامنے لاتا ہے اور جمہوری معاشرے میں اس کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی صحافی اکثر طویل سرکاری اجلاسوں اور عوامی سماعتوں میں شرکت کرتے ہیں تاکہ عوام کو درست معلومات فراہم کی جا سکیں، اور یہی عمل جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے۔
تقریب کے دوران سینیٹر اینڈی کم نے واشنگٹن سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ موجودہ حالات میں قابلِ اعتماد خبریں اور معلومات پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیوجرسی کی متنوع آبادی تک درست معلومات پہنچانے کے لیے ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔
سینیٹر اینڈی کم نے ایوارڈ حاصل کرنے والے صحافیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کے لیے پرعزم ہیں کہ ریاست کے تمام شہریوں کو مستند معلومات تک مساوی رسائی حاصل ہو تاکہ وہ سماجی اور شہری سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں اور اپنی زندگی باوقار طریقے سے گزار سکیں۔

NJ Excellence in Community Media Awards
NJ Excellence in Community Media Awards

یہ تقریب نہ صرف ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا کی خدمات کو سراہنے کا موقع بنی بلکہ اس نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ متنوع آبادی والے معاشرے میں مقامی اور کثیر لسانی صحافت جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔

Gov. Mikie Sherrill Highlights Vital Role of Ethnic Media at NJ Community Media Awards

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button