اسحاق ڈار نے انٹونیو گوٹریرس سے ملاقات مسئلہ جموں و کشمیر، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی، اور پاکستان میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی جیسے اہم ایشوز کو اجاگر کیا
نیویارک ( محسن ظہیر سے ) پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس سے خصوصی ملاقات کی اور ان سے سندھ طاس معاہدے سمیت اہم عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب عاصم افتخار احمد بھی موجود تھے ۔اسحاق ڈار ملاقات کے لئے پہنچے تو سیکرٹر ی جنرل گوٹیرس نے ان کا پرتپاک استقبال کا ۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سلامتی کونسل میں پاکستان کی شمولیت اور اقدامات کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کے لیے اہم قومی و علاقائی مسائل کو بھی اجاگر کیا، جن میں مسئلہ جموں و کشمیر، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی، اور پاکستان میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششوں کو سراہا۔
فلسطین کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے دو ریاستی حل، غزہ میں فوری جنگ بندی، اور مغربی کنارے میں اسرائیلی توسیع پسندی کی مخالفت پر پاکستان کے مو¿قف کا اعادہ کیا۔
عالمی ترقیاتی اور ماحولیاتی اہداف کے حصول کے لیے ترقی پذیر ممالک کو آسان مالیاتی سہولیات، قرضوں میں ریلیف، اور لیکوئیڈیٹی سپورٹ کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے ”یو این 80“اقدام کو اقوام متحدہ کے تین ستونوں،امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق—کو مضبوط کرنے کا ایک اہم موقع قرار دیا۔
ملاقات میں اسحاق ڈار نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر بھرپور اعتماد کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سیکریٹری جنرل کو یقین دلایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے کردار کو تنازعات کے حل، پائیدار ترقی کے فروغ، اور عالمی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بات کرتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں، خصوصاً امن کے فروغ کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کے استعمال پر مکمل یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے رواں ماہ پاکستان کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران کثیرالجہتی نظام اور پرامن تنازعات کے حل پر ہونے والے اعلیٰ سطحی مباحثے اور اقوام متحدہ-او آئی سی تعاون پر اجلاس کو پاکستان کے امن کے عزم کی عکاسی قرار دیا۔
اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے دنیا بھر میں مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
Ishaq Dar Raises Kashmir and Indus Waters Treaty in Key Meetings with UN Chief and UNGA President



