پاکستانخبریں

پاکستان کو بے نظیر بھٹو کی صورت میں مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب کرنے کا اعزاز حاصل ہے، اسحاق ڈارکا اقوام متحدہ میں خطاب

Ishaq Dar at UNGA: Pakistan Proud to Elect First Woman PM Benazir Bhutto, Reaffirms Gender Equality

پاکستان کو بے نظیر بھٹو کی صورت میں مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب کرنے کا اعزاز حاصل ہے، اسحاق ڈارکا اقوام متحدہ میں خطاب
پاکستان میں خواتین سیاست، عدلیہ، بیوروکریسی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہیں، اسحاق ڈار

نیو یارک (محسن ظہیر سے ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے نمایاں اقدامات کئے ہیں، جس کے نتیجے میں خواتین سیاست، عدلیہ، بیوروکریسی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔ حال ہی میں پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا انتخاب بھی اسی تسلسل کی کڑی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ خواتین کو پالیسی سازی میں مو¿ثر کردار دینے کے لئے قومی و صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں میں خواتین کے لئے مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں۔ خواتین کے حقوق اور انصاف کی فراہمی کے لئے نیشنل و صوبائی کمیشن، صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف خصوصی عدالتیں، خواتین پولیس اسٹیشنز اور انسانی حقوق سیل بھی قائم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو غربت سے نکالنے اور روزگار و کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور وزیراعظم یوتھ پروگرام جیسے اقدامات بھی جاری ہیں۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ اگرچہ پیش رفت ہوئی ہے لیکن ابھی بھی بہت کام باقی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیجنگ ڈیکلریشن کے اہداف کے حصول کے لئے عالمی سطح پر تعاون، وسائل اور عملی اقدامات کو تیز کرنا ہو گا تاکہ خواتین اور بچیوں کو مساوی مواقع اور باعزت زندگی میسر آ سکے۔

Ishaq Dar at UNGA: Pakistan Proud to Elect First Woman PM Benazir Bhutto, Reaffirms Gender Equality

Related Articles

Back to top button