پاکستانخبریں

خیبر پختونخوا کے مستعفی وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے استعفیٰ عام کر دیا

علی امین گنڈا پور نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ قائد عمران خان کے حکم کے احترام میں وزارتِ اعلیٰ سے مستعفی ہو رہے ہیں

پشاور (اردو نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے باضابطہ طور پر اپنے استعفے کو عام کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے استعفے میں وجوہات اور اپنے دورِ حکومت کی تفصیلات بھی بیان کی ہیں۔

علی امین گنڈا پور نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پارٹی چیئرمین اور اپنے قائد عمران خان کے حکم کے احترام میں وزارتِ اعلیٰ سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے وزارتِ اعلیٰ کا قلمدان سنبھالا تو صوبہ مالی بحران اور دہشت گردی جیسے بڑے چیلنجز سے دوچار تھا، لیکن ڈیڑھ سال کے عرصے میں کابینہ، پارٹی کارکنوں اور بیوروکریسی کی مدد سے صوبے کو مالی استحکام کی طرف لایا گیا اور دہشت گردی کا مقابلہ جرات اور ثابت قدمی کے ساتھ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران صوبے میں کئی اہم منصوبے شروع کیے گئے جو ایک وقت میں جنگ زدہ خطہ قرار دیا جاتا تھا۔ گنڈا پور نے اپنی کابینہ، اپوزیشن ارکانِ اسمبلی اور بیوروکریسی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے ساتھ مشکل حالات میں بھرپور تعاون کیا۔

اپنے استعفے کے آخر میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وہ یہ دعویٰ تو نہیں کرتے کہ ہر چیلنج پر پوری طرح قابو پا لیا، لیکن ایک بات ضرور کہہ سکتے ہیں کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت پوری دیانتداری اور پاکستان کے بہترین مفاد میں کی۔

انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام نعرے کے ساتھ کیا:
پاکستان زندہ باد، پاکستان تحریک انصاف پائندہ باد۔

Related Articles

Back to top button