اوورسیز پاکستانیز

نیویارک میں پاکستانی امریکن پولیس آفیسر عدید فیاض کی سرکاری کے اعزاز کے ساتھ نماز جنازہ اور تدفین

NYC Cop Adeed Fayaz Funeral Prayer Offered, NYPD, City Officials and Community Paid a Rich Tribute to Officer Adeed

نیویارک (محسن ظہیر سے ) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پاکستانی امریکن پولیس آفیسر عدید فیاض کی نما زجنازہ مکی مسجد بروکلین میں ادا کر دی گئی۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستانی امریکن پولیس آفیسر عدید فیاض کا سرکاری اعزاز کے ساتھ فیونرل کا اہتمام کیا گیااور انہیں پورے سرکاری اعزازکے ساتھ اور مسلم روایات کے مطابق سپرد خاک کیا گیا۔


مکی مسجد بروکلین میں 26سالہ پولیس آفیسر عدید فیاض کی ادا کی جانیوالی نماز جنازہ میں نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز ، پولیس کمشنرکیشانٹ سیویل ، قونصل جنرل پاکستان عائشہ علی، نیویارک سٹیٹ اٹارنی جنرل ٹش جیمز ، نیویارک سٹی پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز ، بروکلین بورو پریذیڈنٹ انٹو نیو رینوسو سمیت نیویارک سٹی انتظامیہ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ، آفیسر عدید کے والدین ، اہلیہ ، بچے اور عزیز و اقارب سمیت پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔نیویارک سٹی کی پولیس کمشنر کیشنٹ سیویل سیاہ رنگ کا حجاب پہن کر نماز جنازہ میںشریک ہوئیں ۔


آفیسر عدید کے جسد خاکی کو جب نماز جنازہ کی ادائیگی کے لئے مکی مسجد لایا گیا تو ہر آنکھ اشکبار ہو گئی اور مکی مسجد میں کلمہ شہادت کی آوازیں بلند ہو تی رہیں ۔


آفیسر عدید کی نماز جنازہ کے موقع پر کونی آئی لینڈ ایونیو جو کہ نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کا سب سے بڑا گڑھ ہے ، کے بڑے حصے کو بند کیا گیا تھا ۔ مکی مسجد جہاں پر نماز جنازہ ادا کی گئی ، کے سامنے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام سمیت سینکڑوں باوردی یونیفارم پولیس آفیسرز تمام وقت چاک و چوبند کھڑے رہے اور اپنے ساتھی پولیس آفیسر عدید فیاض کو الوداع کہا۔


مئیر نیویارک ایرک ایڈمز نے نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پولیس آفیسر عدید کی خدمات کو خرج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آفیسر عدید کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔پولیس کمشنر سیویل جو کہ سیاہ رنگ کا حجاب پہنچ کر آئیں تھیں ، نے اپنے خطاب میں قرآن و حدیث کی تعلیمات کو حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آفیسر عدید قرآن و سنت کی اُن تعلیمات پر یقین رکھتا تھا کہ تم میں سے بہتر وہ ہے کہ جو دوسروں کے لئے بہتر ہے ۔ پولیس کمشنر کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ آفیسر عدید لوگوں کا محافظ اور دوسروں کے بہتری پر یقین رکھتا تھا۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے تمام52ہزار ارکان سوگوار خاندان کے ہمیشہ ساتھ رہیں گے ۔


قونصل جنرل عائشہ علی نے کہا کہ پاکستانی امریکن عدید فیاض نے شہادت کا مرتبہ حاصل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹی انتظامیہ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ سمیت نیویارکرز کی جانب سے جس طرح سوگوار خاندان اور کمیونٹی سے اظہار تعزیت کیا گیا ہے اور جیسے دکھ میں شرکت کی گئی ہے، اس کے لئے مشکور ہیں ۔
مکی مسجد کے امام اسامہ احمد کا کہنا تھا کہ آفیسر عدید کی نماز جنازہ کے موقع پرمکی مسجد کی جانب سے دی جانیوالی اذان کونی آئی لینڈ ایونیو پر کھلے عام دی گئی ۔ یہ مسلم امریکن کمیونٹی کا بڑا مرکز ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اذان کا یہ سلسلہ ایسے ہی جاری رہے ۔


علامہ مقصود قادری جنہوں نے آفیسر عدید فیاض کی نماز جنازہ پڑھائی نے نماز کی ادائیگی سے قبل خطاب میں مئیر، پولیس کمشنر سمیت نما ز جنازہ کے تمام شرکاءکا شکرئیہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آفیسر عدید لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے کیرئیر کا انتخاب کیا اور جانفشانی سے اپنے فرائض منصبی ادا کئے ۔

 

 

نماز جنازہ کے اجتماع سے آفیسر عدید فیاض شہید کے والد صداقت فیاض، انکل عدنان شاپا، انکل فیاض اور آنٹی فرح ناز نے دل گرفتہ خطاب کرکے نماز جنازہ میں شریک ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا ۔ والد صداقت کا کہنا تھا کہ بیٹے ، والد کے جنازے کو کندھا دیا کرتے ہیں لیکن مجھے اپنے بیٹے کو جنازہ کو کندھا دینا پڑ رہا ہے ۔والد صداقت کا کہنا تھا کہ امریکہ ، دنیا کو لیڈر ہے ۔ امریکہ کو ملک میں گن وائلنس (اسلحہ کا بے استعمال ) کو روکنا چاہئیے تاکہ میرے بیٹے کی طرح دوسروں کی جانیں نہ جائیں ۔


نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جب آفیسر عدید کے جسد خاکی کو قبرستان لے جانیوالے لئے مسجد سے باہر آیا گیا تو مسجد کے سامنے مئیر ، پولیس کمشنر سمیت نیویارک پولیس کی تمام اعلیٰ قیادت نے ہزاروں پولیس اہلکاروں و شہریوں کے ساتھ آفیسر عدید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور انہیں آخری الوداع کہا۔ اس موقع پر فضاءمیں پرواز کرنے والے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ہیلی کاپٹرز نے بھی فضاءسے آفیسر عدید کو آخری سلامی پیش کی۔


اگر یہ کہا جائے کہ پاکستانی امریکن پولیس آفیسر عدید فیاض کی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ تاریخی نماز جنازہ (فیونرل ) ہوئی تو غلط نہ ہوگا۔ سوگوار خاندان اور کمیونٹی کی جانب سے سٹی انتظامیہ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کا خصوصی شکرئیہ ادا کیا گیا ۔

Related Articles

Back to top button