اوورسیز پاکستانیزبین الاقوامی

نیویارک سٹی کو ایک بہترین حالت میں چھوڑ کر جا رہا ہوں ، مئیر ایرک ایڈمز

امید ہے کہ آنے والی قیادت ان کامیابیوں کو ضائع نہیں کرے گی، نیویارک کے مئیر ایرک ایڈمز کا ریڈیو انٹرویو، چار سالہ کارکردگی کو بہترین قرار دیا

نیویارک ( محسن ظہیر سے ) نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے ڈبلیو اے بی سی 77 ریڈیو کے مشہور پروگرام”کاسبی اینڈ کیٹس“میں اپنے ایک انٹرویومیں نیویارک سٹی کی صورتحال، عوامی تحفظ، رہائش، بے گھر افراد اور آئندہ انتظامیہ کی پالیسیوں پر کھل کر گفتگو کی۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں ان کی انتظامیہ نے شہر کو درست سمت میں ڈالا اور نیویارک آج پہلے سے کہیں بہتر حالت میں ہے۔
میئر ایڈمز کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں جرائم میں نمایاں کمی آئی، سب وے میں جرائم تاریخ کی کم ترین سطح پر ہیں اور شہر سے 25 ہزار سے زائد غیر قانونی اسلحہ ہٹایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک موقع پر مسلسل 12 دن تک شہر میں کوئی قتل نہیں ہوا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کے مطابق عوامی تحفظ ہی خوشحالی کی بنیاد ہے اور انہوں نے اسی نعرے پر کام کیا۔
رہائش کے حوالے سے میئر ایڈمز نے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ نے نیویارک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہاو¿سنگ یونٹس تعمیر کیے اور مزید 4 لاکھ 33 ہزار گھروں کے لیے زوننگ کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ چار سال میں وہ کام کیا گیا جو پچھلی دو دہائیوں میں ممکن نہ ہو سکا۔ ساتھ ہی شہر میں ریکارڈ تعداد میں نوکریاں پیدا ہوئیں اور چھوٹے کاروباروں کی تعداد بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچی۔
انٹرویو کے دوران میئر ایڈمز نے بے گھر افراد کے خیمہ بستیوں کے خاتمے کو ایک انسانی اور ضروری اقدام قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ انتظامیہ نے ان کارروائیوں کو واپس لیا تو شہر میں منشیات، ذہنی بیماریوں اور عوامی صحت کے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیمہ بستیوں میں انسانی فضلہ، خراب خوراک اور منشیات کا سامان پایا جاتا تھا، اور کسی کو بھی ایسے حالات میں رہنے نہیں دینا چاہیے۔
میئر ایڈمز نے امیگریشن اور امیگریشن چھاپوں ( ICE )سے متعلق بیانات پر بھی ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کوئی مجرمانہ ادارہ نہیں بلکہ ایک قانون نافذ کرنے والا ادارہ ہے، اور اسے دشمن کے طور پر پیش کرنا غلط ہے۔ ان کے مطابق خطرناک جرائم پیشہ افراد اور گینگز کے خلاف کارروائی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون ضروری ہے۔
سابق گورنر ڈیوڈ پیٹرسن اور جج رچرڈ وائن برگ نے بھی میئر ایڈمز کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ مستقبل میں انہیں نئی انتظامیہ کو ذمہ داری کے ساتھ جوابدہ بناتے رہنا چاہیے۔ میئر ایڈمز نے اختتام پر کہا کہ شہر کو وہ بہتر حالت میں چھوڑ کر جا رہے ہیں اور امید ہے کہ آنے والی قیادت ان کامیابیوں کو ضائع نہیں کرے گی۔

Related Articles

Back to top button