مئیر نیویارک ظہران ممدانی نے رافیل ایس پینل کو کمشنر میڈیا اینڈ انٹرٹینمنٹ مقرر کر دیا
نیویارک کی کہانی ان فنکاروں کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی جنہوں نے اس شہر کی شناخت کو تشکیل دیا ہے، لیکن بڑھتی ہوئی مہنگائی تخلیق کاروں کو شہر چھوڑنے پر مجبور کر رہی ہے،میئر ظہران ممدانی
نیو یارک (اردونیوز) میئر ظہران ممدانی نے نیویارک سٹی میئر آفس آف میڈیا اینڈ انٹرٹینمنٹ کے نئے کمشنر کے طور پر رافیل ایسپینل کی تقرری کا اعلان کیا ہے۔ اس تقرری کا مقصد شہر کی تخلیقی صنعتوں کو مضبوط بنانا اور فنکاروں، تخلیق کاروں اور فری لانسرز کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ ایسپینل اب ڈپٹی میئر برائے اقتصادی انصاف جولی سو کو رپورٹ کریں گے۔
رافیل ایسپینل اس وقت فری لانسرز یونین کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں وہ آزاد کارکنوں کے حقوق اور تحفظات کے لیے قومی سطح پر سرگرم ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، 2019 میں نیویارک شہر میں تقریباً 1.3 ملین فری لانسرز موجود تھے، جو شہر کی افرادی قوت کا تقریباً 34 فیصد بنتے ہیں۔ ان میں سے بڑی تعداد فلم، میڈیا، آرٹ اور دیگر تخلیقی شعبوں سے وابستہ ہے۔ ایسپینل اس سے قبل نیویارک سٹی کونسل کے رکن بھی رہ چکے ہیں، جہاں انہوں نے بش وِک، براو¿نز ول، سائپرس ہلز اور ایسٹ نیویارک کی نمائندگی کی اور فنکاروں اور چھوٹے کاروباروں کے حقوق کے لیے متعدد اقدامات کیے۔
میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ نیویارک کی کہانی ان فنکاروں کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی جنہوں نے اس شہر کی شناخت کو تشکیل دیا ہے، لیکن بڑھتی ہوئی مہنگائی تخلیق کاروں کو شہر چھوڑنے پر مجبور کر رہی ہے، جو ایک ایسا نقصان ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ رافیل ایسپینل کی قیادت میں شہر فنکاروں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرے گا اور انہیں وہ سہولیات فراہم کرے گا جن کے وہ مستحق ہیں۔
ڈپٹی میئر جولی سو نے کہا کہ شہر کی تخلیقی صنعتیں نہ صرف معاشی سرگرمی کا بڑا ذریعہ ہیں بلکہ نیویارک کی پہچان بھی ہیں۔ ان کے مطابق، حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ تمام ادارے مل کر ایسی صنعتوں کو فروغ دیں جو شہر کی خوبصورتی اور تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں اور یونین کی اچھی ملازمتیں فراہم کرتی ہیں۔
نئے کمشنر رافیل ایسپینل نے کہا کہ وہ میئر کی انتظامیہ میں شامل ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شہر اپنی ثقافت کو برقرار رکھنا چاہتا ہے تو ضروری ہے کہ فنکار یہاں رہنے اور کام کرنے کے قابل ہوں۔ انہوں نے تخلیقی صنعتوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے اور فری لانسرز کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔
میئر آفس آف میڈیا اینڈ انٹرٹینمنٹ شہر کی تخلیقی معیشت کو مختلف شعبوں کے ذریعے سپورٹ کرتا ہے، جن میں فلم آفس، NYC میڈیا، پریس کریڈینشل آفس اور پروگرامز و انیشی ایٹو ڈویڑنز شامل ہیں۔ 2017 میں نیویارک کی تخلیقی معیشت میں 293,000 سے زائد افراد کام کر رہے تھے، جس سے اربوں ڈالر کی معاشی سرگرمی پیدا ہوئی۔ ادارہ تخلیقی ملازمتوں کو برقرار رکھنے، سیاحت کو فروغ دینے اور یہ یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا کہ فنکار اور تخلیق کار شہر میں رہنے کے قابل رہیں۔



