لانگ آئی لینڈ، نیویارک میں پاکستانی امریکن محمد یاسین آگ لگنے سے جاں بحق ہو گئے
تھینکس گیونگ والے دن بد قسمت محمد یاسین اس وقت شعلوں کی لپیٹ میں آگیا کہ جب وہ آگ کے چولہے میں آگ لگانے کی کوشش میں خود آگ کا شکار ہو گیا
محمد یاسین کی ایم ڈی کیو مسجد میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد لانگ آئی لینڈ کے قبرستان میں تدفین ، کمیونٹی کا متوفی کے اہل خانہ کے لئے فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز
نیویارک (اردو نیوز) لانگ آئی لینڈ کے نواحی علاقے سفک کاؤنٹی میں تھینکس گیونگ کے دن پیش آنے والے ایک افسوسناک آتشزدگی کے واقعے میں پاکستانی نژاد امریکی محمد یاسین جاں بحق ہو گئے۔ یہ واقعہ 27 نومبر کو اُس وقت پیش آیا جب وہ اپنے گھر کے پچھلے صحن میں فیملی اجتماع کے لیے آگ جلانے کی تیاری کر رہے تھے۔ محمد یاسین ،لانگ آئی لینڈ میں ایک ڈیلی سٹور چلاتے تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق تھینکس گیونگ کی شام کو،جب مہمان گھر پہنچ رہے تھے، محمد یاسین حسب روایت اپنےمہمانوں کے لیے بیک یارڈ میں آگ کاچولہا جلا رہے تھے ۔ انہوں نے خشک لکڑیوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی تو آگ ان کئے ہاتھ میں پکڑے پٹرول کے کین میں واپس آگئی اورپٹرول کین نے بھی آگ پکڑ لی اور اُس آگ نے محمد یاسین کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔
آگ بھڑکنے سے مبینہ طور پر محمد یاسین کے جسم کا بیشتر حصہ آگ سے جھلس گیا اور وہ شدید زخمی ہو گئے ۔ جائے وقوعہ سے متوفی کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ کچھ دیر زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی کو جا ملے ۔
محمد یاسین کی نماز جنادہ سوموار، دو دسمبر کو مسجد دارالقرآن لانگ آئی لینڈ میں ادا کی گئی جس میں کیونٹی کے سینکڑوں ارکان نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور کمیونٹی نے اس المناک واقعہ پر نہایت ی دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ نماز جنازہ کے بعد متوفی کو لانگ آئی لینڈ کے واشنگٹن میمورئیل قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔
مرحوم اپنے پسماندگان میں بیوہ مونا یاسین اور دو بیٹیاں مہرینہ اور الینا چھوڑ گئے ہیں۔مرحوم ،کمیونٹی میں وہ ایک نہایت نرم دل، خوش اخلاق اور خاندان سے گہری محبت رکھنے والے شخص کے طور پر جانے جاتے تھے۔ خاندان اور دوستوں نے انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد یاسین اپنی بیٹیوں سے بےحد محبت کرنے والے باپ اور اپنی اہلیہ کے لیے مضبوط سہارا تھے۔
دریں اثناءمسلم و پاکستانی امریکن کمیونٹی نے متوفی محمد یاسین کے پسماندگان کی مدد کے لئے ”لانچ گڈ “ ویب سائٹ پر فنڈ ریزنگ شروع کر دی ہے جس پر کمیونٹی کے مخیر حضرات کی جانب سے اب تک 60ہزار ڈالرز سے زائد کے فنڈز عطیہ کر دئیے ہیں جبکہ ایک لاکھ 25ہزار ڈالرز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آتشزدگی کے حادثے کا شکار ہونے والے محمد یاسین مرحوم کے پسماندگان کی مدد کے لئے دل کھول کر مدد کریں اور اللہ تعالیٰ کی بار گاہ میں اجر عظیم حاصل کریں ۔
Support Needed: Please Donate Generously to Help Mohammed Yasin’s Family
Click the link below
Pakistani American Mohammed Yasin Dies in Long Island Thanksgiving Fire Accident




