پاکستان

پاکستان کا آئندہ ہفتہ کیسا ہوگا!!

پاکستان کے سیاسی عدم استحکام کے گذشتہ 14ماہ کے مقابلے میں آنیوالا ہفتہ مختلف ممکنہ پیش رفت کے حوالے سے انتہائی اہم قراردیا جا رہا ہے

سیاسی پنڈتوں کے مطابق آنیوالا ہفتہ عمران خان کے لئے بھی بھاری ثابت ہو سکتا ہے

راولپنڈی ( اردونیوز )پاکستان کے سیاسی عدم استحکام کے گذشتہ 14ماہ کے مقابلے میں آنیوالا ہفتہ مختلف ممکنہ پیش رفت کے حوالے سے انتہائی اہم قراردیا جا رہا ہے ۔سیاسی پنڈتوں کے مطابق آنیوالا ہفتہ عمران خان کے لئے بھی بھاری ثابت ہو سکتا ہے ۔ عمران خان جن کے بیانات اور خطابات کی کوریج پاکستان کے پرنٹ اور الیکڑونک میڈیا پر کم ہی نظر آتے ہیں، یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پر مسلسل اپنا دفاع کررہے ہیں اور ملک کے موجودہ حالات کے بارے میں اپنے سنگین خدشات کا اظہار کررہے ہیں ۔وہ مسلسل الزام عائد کررہے ہیں کہ انہیں اور ان کی جماعت کو بدترین انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

پاکستان کے اہم قومی سیاسی و غیر سیاسی معاملات میں جہاں بڑی پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے ، وہاں آرمی چیف جنرل عاصم حسین منیر کی صدارت میں منعقدہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ، اس میں ہونیوالے اہم فیصلے اور اعلانات نے بھی واضح عندئیہ دے دیا ہے کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث کردار وں کا کیا مستقبل ہوگا!!

پاکستان ایک طرف جہاں بدترین سیاسی عدم استحکام کے دور سے گذر رہا ہے تو ان حالات میں ہی پی ڈی ایم کی موجودہ حکومت کو آنیوالے دنوں میں آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر بجٹ پیش کرنے کا ایک بڑا چیلنج درپیش ہے ۔

دریں اثناءآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ نو مئی منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں 9 مئی واقعات کی سخت ترین مذمت کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق عساکرِ پاکستان نے کہا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج شہداء اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ رکھیں گے۔کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

فورم نے شہداءکی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔فارمیشن کمانڈرز نے کہا کہ شہداءکی یادگاروں، جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکا ءنے یوم سیاہ سانحہ 9 مئی کے واقعات کی سخت ترین مذمت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کو نہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کارروائیاں پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کی جائیں گی۔سپہ سالار نے مزید کہا کہ پاک فوج علاقائی سالمیت کے تحفظ کی اپنی قومی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج، شہدائ پاکستان اور ان کے اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے جو قومی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت افواج پاکستان اور عوام میں گہرے تعلق کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) کی جانب سے جہاں ایک طرف سیاسی انتقامی کاروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات مسلسل عائد کئے جا رہے ہیں ، تو وہاں بیرونی محاذ بالخصوص امریکہ میں پی ٹی آئی کے سپورٹرز ، لابئیسٹ اور قائدین امریکی کانگریس اور ارکان کانگریس کی توجہ بھی پاکستان کی سیاسی صورتحال کی جانب مبذول کروانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف ہیں ۔ اس سلسلے میں پاکستانی امریکن ڈاکٹر آصف محمود ، پی ٹی آئی یو ایس اے کے مقامی قائدین سجاد برکی اور عاطف خان خصوصی طور پر سرگرم عمل ہیں ۔یہ اطلاعات بھی آرہی ہیں کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال پر امریکی ایوان نمائندگان میں سماعت بھی رواں مہینے منعقد کرنے کی کوشش کی جائے ۔ اس سلسلے میں کانگریس مین بریڈ شرمین اہم کردارادا کر سکتے ہیں ۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے صورتحال کا جواب آرمی چیف کی قیادت میں ہونیوالی فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں بھی سامنے آیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کانفرنس سے خطاب کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز پر پرتشدد حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے حامی، جعلی اور بے بنیاد خبروں اور پروپیگنڈا کے ذریعے معاشرتی تفرقہ اور انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم کے بھرپور تعاون سے تمام تر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا، انشاءاللہ۔

جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ بگاڑ پیدا کرنے کی اورفرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی تمام تر کوششیں بے سود ہیں۔ کانفرنس کے شرکاءنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔فارمیشن کمانڈرز نے کہا کہ مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی راہ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ابہام پیدا کرنے کی کوششوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔عساکرِ پاکستان نے عزم کیا کہ افواج پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ فورم نے شہداءکی عظیم قربانیوں، جن میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں اور سول سوسائٹی کے شہداءشامل ہیں، کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

Related Articles

Back to top button