نیویارک کا سب سے بڑا ویساکھی میلہ ،سکھ کمیونٹی نے لانگ آئی لینڈ میں رنگ جما دیا
New York’s Biggest Vaisakhi Mela Lights Up Long Island with 18,000 Attendees; Lahore’s Honey Raj Delights with Punjabi Songs

یساکھی میلے میں تقریباً 18,000 افراد کی شرکت، لاہور (پاکستان )سے آئے ہنی راج نے بھی مقبول پنجابی گیت پیش کئے
نیویارک ( اردونیوز ) نیویارک کے لانگ آئی لینڈ میں واقع ناساکمیونٹی کالج میں اتوار، 18 مئی 2025 کو پانچواں سالانہ ویساکھی میلہ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ویساکھی میلے میں تقریباً 18,000 افراد نے شرکت کی اور ثقافتی رنگوں سے بھرپور دن کا لطف اٹھایا۔ اس میلے کا انعقاد پانچ دوستوں اونکار سنگھ، راجیف مائنی، دیپک بنسل، جے شرما اور جے سنگھ کی قیادت میں لانگ آئی لینڈ پنجابی سرکل کے تحت کیا گیا، جن کے ساتھ پچاس افراد پر مشتمل رضاکار ٹیم مسلسل 2019 سے ہر سال مئی کے تیسرے اتوار کو یہ میلہ منعقد کرتی آ رہی ہے۔
تقریب کا آغاز گوردوارہ گرو نانک دربار کے ہیڈ گرنتھی گیانی کلدیپ سنگھ جی کی ارداس سے ہوا، جس کے بعد یومیش شرما نے گربانی کیرتن پیش کیا۔ رنگا رنگ پرفارمنسز میں اکال گتکا گروپ، دلیر سنگھ، مورنی بھنگڑا گروپ، گدھا رانیوں، اور دیگر مقامی و بین الاقوامی فنکاروں نے اپنی فنکارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ مشہور بھارتی گلوکارہ ڈاکٹر جسپندر نرولا، شپرا گوئل اور آر نیت نے شاندار گیتوں سے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا، جب کہ لاہور (پاکستان )سے آئے ہنی راج نے بھی مقبول پنجابی گیت پیش کئے۔ لانگ آئی لینڈ کے مقامی گلوکار ریفوزی نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔
اس موقع پر کئی معزز مہمانوں نے شرکت کی، جن میں کاو¿نٹی ایگزیکٹو بروس بلیک مین، سینیٹر اسٹیو روڈز، لیجسلیٹر روزمیری واکر، نارتھ ہیمپسٹیڈ ٹاو¿ن کلرک راگنی سریواستاوا، ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین بوبی کلوٹی، وائس چیئر وایولیٹا دوسا، اور دیگر شامل تھے، جنہوں نے کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔ امریکی سینیٹر چک شومر کی جانب سے تعریفی اسناد بھیجے گئے جو ٹن دیپ کور نے ٹیم اور فنکاروں کو پیش کیے۔
میلہ میں 55 سے زائد وینڈرز موجود تھے جو ملبوسات، جیولری، مٹھائیاں اور دیگر مصنوعات و خدمات پیش کر رہے تھے۔ کھانے کے اسٹالز پر چھولے بھٹورے، سموسہ چاٹ، بریانی، فالودہ قلفی اور دیگر دیسی ذائقے عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ بچوں کے لیے جھولے، کھیل، آئس کریم اور کاٹن کینڈی جیسی تفریحی سرگرمیوں کا بھرپور انتظام کیا گیا تھا، جس کی اسپانسرشپ جینیفر فرنیچر اور ڈاکٹر عابدار گروپ نے کی تھی۔
ریفل کے ذریعے قرعہ اندازی میں پہلا انعام – ایک KIA کار – اوشا ٹنڈن نے جیتا، جب کہ درجنوں دیگر انعامات نے لوگوں کو خوش کر دیا جنہوں نے $10 کے ٹکٹ خریدے تھے۔یونائیٹڈ مارگیج اس میلے کا گرینڈ اسپانسر تھا، جب کہ STI کنسلٹنٹس، کنال جیولرز، پٹیل برادرز، لکشمی اور جینیفر فرنیچر گولڈ اسپانسرز میں شامل تھے۔اسٹیج کی میزبانی شری دتہ اور ستبیر بیدی نے کی، جنہوں نے ہر موقع پر کمیونٹی، اسپانسرز اور ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اگلے سال کے ویساکھی میلے میں شرکت کی دعوت دی۔ قیمتی لمحات سیرت فوٹوگرافی کی رضاکار ٹیم نے اپنے کیمروں میں محفوظ کیے۔ یہ میلہ نہ صرف پنجابی ثقافت کی نمائندگی کا خوبصورت مظاہرہ تھا بلکہ نیویارک کی کثیرالثقافتی ہم آہنگی کی روشن مثال بھی ثابت ہوا۔
New York’s Biggest Vaisakhi Mela Lights Up Long Island with 18,000 Attendees; Lahore’s Honey Raj Delights with Punjabi Songs