نیویارک پولیس آفیسرز کے امتحان کے لئے اپلائی کرنے کی آخری تاریخ 15 ستمبر مقرر
NYPD Opens Police Officer Exam Registration, Deadline September 15 with Easier Eligibility Rules
نیویارک (اردو نیوز) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پولیس آفیسرز کے امتحان کے لئے درخواست دینے کی آخری تاریخ سوموار 15 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ اس امتحان کے لئے رجسٹریشن کا آغاز 2 ستمبر سے ہو چکا ہے جو 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔ امیدوار اپنے فارم
nyc.gov/OASYS
کے ذریعے جمع کروا سکتے ہیں۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اس بار قواعد و ضوابط اور اہلیت کے معیار کو مزید آسان بنا دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدوار اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اب پولیس آفیسر کے امتحان کے لئے صرف 24 کالج کریڈٹ درکار ہوں گے، جب کہ امیدوار ساڑھے 20 سال کی عمر میں بھی پولیس اکیڈمی میں شمولیت اختیار کر سکتا ہے۔ اکیڈمی سے گریجویٹ ہونے کے وقت امیدوار کی عمر کم از کم 21 سال ہونا لازمی ہے۔
مزید برآں، نیویارک پولیس آفیسرز کی ابتدائی تنخواہ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو اس شعبے میں شامل ہونے کے لئے مزید حوصلہ افزائی دی جا سکے۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ، جو کہ امریکہ کا سب سے بڑا اور قدیم ترین بلدیاتی پولیس ڈیپارٹمنٹ ہے، 1845 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ ادارہ آج 8.5 ملین آبادی والے شہر کو قانون نافذ کرنے، عوامی تحفظ، ٹریفک مینجمنٹ، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور ایمرجنسی رسپانس جیسے وسیع تر امور میں خدمات فراہم کر رہا ہے۔ گزشتہ 25 برسوں میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے پرتشدد اور جائیداد سے متعلقہ جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کر کے نیویارک کو امریکہ کے بڑے شہروں میں سب سے محفوظ بنا دیا ہے۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پاس 78 پٹرول پریسنکٹ ہیں جو پورے شہر میں پولیسنگ کی ذمہ داری نبھاتے ہیں، 12 ٹرانزٹ ڈسٹرکٹ سب وے سسٹم اور اس کے چھ ملین روزانہ مسافروں کی حفاظت کرتے ہیں، جبکہ 9 پولیس سروس ایریاز (PSAs) عوامی ہاؤسنگ ڈویلپمنٹس میں گشت کرتے ہیں جہاں چار لاکھ سے زائد رہائشی مقیم ہیں۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ کی اس نئی پالیسی کو امیدواروں اور کمیونٹی رہنماؤں کی جانب سے مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا بلکہ شہر میں عوامی خدمت کے جذبے کو بھی فروغ ملے گا۔
NYPD Opens Police Officer Exam Registration, Deadline September 15 with Easier Eligibility Rules



