پاکستان

نیوجرسی؛بیٹے کو بچاتے ہوئے پاکستانی ماں بھی ساتھ جھیل میں ڈوب کر جاں بحق

وردہ سید اپنے بیٹے کے ہمراہ گھر کے قریب واقع جھیل پر بظخوں کو دانہ ڈالنی گئی جہاں بیٹے کا پاوں پھسلا اور وہ جھیل میں گر گیا، بیٹے کو بچانے کےلئے ماں بھی جھیل میں کود گئی

ماں اور بیٹے کو تیراکی نہ آنے کی وجہ سے دونوں واپس کنارے پر نہیں آسکے اور جھیل میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ، پولیس راہ گیر کی اطلاع پر جائے وقوعہ پر پہنچی تو ماں بیٹا جاں بحق ہو چکے تھے

نیوجرسی (محسن ظہیر سے ) امریکی ریاست نیوجرسی کی مورس کاونٹی کے علاقے بونٹن میں ایک پاکستانی ماں اور بیٹا جھیل(تالاب) میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کےمطابق منگل 23فروری کو وردہ سید ، اپنے دو بچوں کے ساتھ گھر سے کچھ فاصلے پر موجود ایک جھیل میں بظخوں کو صدقے کا دانہ ڈالنے گئیں ۔ وہ اپنے چھ سالہ بیٹے کو گاڑی میں چھوڑ گئیں اور گیارہ سالہ بیٹے عزیراحمد کو ساتھ دانہ ڈالنے کے لئے جھیل کی طرف لے گئیں ۔ گریس لارڈ پارک میں واقع جھیل پر دانہ ڈالنے کے دوران بیٹا عزیر احمد کا جھیل کے کنارے برف پر پاو¿ں پھسلا اور وہ جھیل میں گر گیا ۔ اسے تیرنا نہیں آتا تھا۔ بیٹے کو بچانے کے لئے ماں بھی جھیل میں کود پڑی اور انہیں بھی تیرنا نہیں آتا تھا۔ جھیل کے گہرے پانی میں انہوں نے کنارے تک پہنچنے کی کوشش کی اور کامیاب نہ ہوسکے اور کچھ دیر زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جھیل میں ڈوب کر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔
وردہ سید کا چھوٹا بیٹے جو کہ گاڑی میں ماں اور بھائی کے انتظار میں تھا، ان کے واپس نہ آنے پر رونے لگ گیا۔ اس دوران ایک راہ گیر نے بچے کو گاڑی میں اکیلا دیکھ کر پولیس کو کال کر دی ۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو انہوں نے گاڑی کے پاس موجود جھیل کی طرف برف پرنظر آنے والے پاو¿ں کے نشانہ دیکھ کر جھیل کی طرف چلنا شروع کر دیا جہاں جا کر ماں بیٹے کو جھیل میں مردہ حالت میں پایا ۔
امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس کی ایک رپورٹ کے مطابق جھیل کی طرف جانے والا راستہ پر پھسلن موجود تھی اور برف جمی ہوئی تھی ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی نیوجرسی کی مقامی سماجی شخصیت عارف خان کے مطابق سوگوار خاندان کے سربراہ سید ذیشان ، گذشتہ چا ر سالوں سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور زیر علاج ہیں ۔ ان کی اہلیہ کا معمول تھا کہ وہ ان کی صحت کا صدقہ اتارنے کے لئے جانوروں کو دانہ ڈالنے جایا کرتی تھیں ۔
سید ذیشان کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ گذشتہ بیس سالوں سے امریکہ میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم ہیں ۔ ان کے دو بیٹے تھے جن میں ایک اس بدقسمت اور المناک حادثے کا شکار ہو گیا۔ عارف خان نے مزید بتایا کہ سوگوار خاندان کو گذشتہ ماہ دو بڑے اور دکھ جھیلنے پڑے ۔ وردہ سید مرحومہ کی بڑی بہن اور بھائی کا ایک ماہ کے اندر پاکستان میں انتقال ہوا ۔
وردہ سید اور عزیر احمد کی نمازہ جنازہ بونٹن کے مقامی اسلامک سنٹر میں ادا کی جائے گی ۔ امریکہ بھر میںبسنے والی پاکستانی کمیونٹی اس المناک حادثے پر افسردہ ہے اور کمیونٹی کا کہنا ہے کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

Warda Syed and Uzair Syed

Related Articles

Back to top button