ٹرمپ کے100دن مکمل، 1360دنوں کا اقتدار باقی
صدر ٹرمپ کے حامی ان کی پالیسیوں کو "وعدے کی تکمیل" قرار دیتے ہیں، جب کہ ناقدین ان اقدامات کو جمہوری اقدار کے لیے خطرہ قرار دے رہے ہیں

واشنگٹن( اردو نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی ٹرم کے پہلے 100دن مکمل ہو گئے ہیں اور ان کے دور اقتدار کے 1360دن باقی رہ گئے ہیں ۔ صدر ٹرمپ نے پہلے ایک سو دن کے عرصے میں کئی بڑے اور متنازعہ فیصلے کیے جنہوں نے امریکی سیاست اور نظام حکومت میں ہلچل مچا دی ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنی پالیسیوں کےعدلیہ، میڈیا، یونیورسٹیوں، اور امیگریشن کے قوانین پر براہ راست اثرمرتب ہوئے ہیں ۔ معاشی سطح پر ان کے ٹیرف (محصولات) کے فیصلے سے اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی، جبکہ اخراجات میں کٹوتی کی پالیسی کے ذریعے متعدد سرکاری اداروں کے بجٹ میں کمی کی گئی۔
امیگریشن پر سختی نے کئی تارکین وطن اور طلبا کو متاثر کیا، جب کہ تنوع اور مساوات سے متعلق حکومتی پالیسیوں کو ختم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ صدر ٹرمپ کے حامی ان کی پالیسیوں کو “وعدے کی تکمیل” قرار دیتے ہیں، جب کہ ناقدین ان اقدامات کو جمہوری اقدار کے لیے خطرہ قرار دے رہے ہیں۔اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ ان فیصلوں کے طویل مدتی نتائج کیا ہوں گے، اور امریکی عوام کس حد تک ان اقدامات کو قبول کریں گے۔