ریپبلکن پارٹی کی گورنر نیویارک کی امیدوار کانگریس وومین سٹیفنک انتخابی دوڑ سے اچانک دستبردار
ایلزاسٹیفنک نے گورنر کی دوڑ سے دستبردار ہونے کے ساتھ ساتھ کانگریس کا الیکشن بھی نہ لڑنے کا اعلان کر دیا ، فیصلے کی وجوہات ذاتی اور خاندانی بتائی ہیں
نیویارک ( اردو نیوز، محسن ظہیر ) ریپبلکن پارٹی کی نیویارک اسٹیٹ کے گورنر کے لیے مضبوط امیدوار سمجھی جانے والی کانگریس وومین الیز اسٹیفینک نے اچانک گورنر کی انتخابی مہم معطل کرنے اور کانگریس کے لیے دوبارہ انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔اپنے بیان میں الیز اسٹیفینک نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے انہوں نے یہ مشکل مگر سوچا سمجھا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ ذاتی اور خاندانی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے، کیونکہ ایک ماں کے طور پر ان کی سب سے بڑی ترجیح اپنے کم عمر بیٹے کی حفاظت، نشوونما اور خوشی ہے۔
الیز اسٹیفینک نے کہا کہ وہ نیویارک بھر میں ریپبلکنز، قدامت پسندوں، آزاد ووٹرز اور ڈیموکریٹس کی جانب سے ملنے والی تاریخی حمایت پر شکر گزار ہیں، تاہم ان کے بقول نیویارک جیسے مشکل سیاسی ماحول میں طویل اور غیر ضروری ریپبلکن پرائمری پر وقت اور وسائل صرف کرنا دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ وہ کانگریس وومین کے طور پر جانی جاتی ہیں، مگر ان کے لیے سب سے اہم پہچان ایک ماں ہونا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ اس نازک مرحلے پر اپنے بیٹے پر مزید توجہ نہ دیں تو انہیں زندگی بھر اس کا افسوس رہے گا۔
الیز اسٹیفینک نے نیویارک کے 21ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ گیارہ برسوں میں انہیں عوام کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل رہا اور انہوں نے اپنے عملے کے ساتھ مل کر محنت کش خاندانوں کے لیے اہم نتائج حاصل کیے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی حمایت اور حوصلہ افزائی پر شکر گزار ہیں اور اب اپنی زندگی کے اگلے ذاتی اور پیشہ ورانہ مرحلے کی جانب بڑھنے کے لیے پرامید ہیں۔
Congresswoman Elise Stefanik has suspended her campaign for New York governor, saying family comes first.



