خبریںپاکستان

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ٹائمز سکوائر پر PTIکا بڑا مظاہرہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے چئیرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف نیویارک کے مصروف ترین علاقے ٹائمز سکوائر پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

عمران خان کی گرفتاری کے فوری بعد مظاہرے کی کال دی گئی اور مختصر نوٹس پر نیویارک سمیت دیگر ریاستوں سے پی ٹی آئی کے سینکڑوں ارکان ٹائمز سکوائر پر پہنچ گئے ، شہباز گل کی خصوصی شرکت
پی ٹی آئی نیویارک اور یو ایس اے کے زیر اہتمام مظاہرے کے انعقاد میں پارٹی قائدین خورشید احمد بھلی، امجد نواز، چوہدری پرویز ریاض امراء، ضمیر احمد چوہدری اور مرزا خاور بیگ سمیت دیگر نے کردارادا کیا

 

نیویارک (اردونیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے چئیرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف نیویارک کے مصروف ترین علاقے ٹائمز سکوائر پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ عمران خان کی گرفتاری کے فوری بعد مظاہرے کی کال دی گئی اور مختصر نوٹس پر نیویارک سمیت دیگر ریاستوں سے پی ٹی آئی کے سینکڑوں ارکان ٹائمز سکوائر پر پہنچ گئے ۔ امریکہ کے دورے پر موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل مظاہرے میں شرکت کے لئے شکاگو سے نیویارک پہنچے ۔

پی ٹی آئی نیویارک اور یو ایس اے کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کے انعقاد میں پارٹی قائدین چوہدری خورشید احمد بھلی، امجد نواز، چوہدری پرویز ریاض امراء، ضمیر احمد چوہدری اور مرزا خاور بیگ سمیت دیگر نے کردارادا کیا جبکہ مظاہرے میں پی ٹی آئی کے اہم قائدین اور سابق عہدیداران بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اور عمران خان کی قدآور تصاویر اٹھا رکھی تھیں ۔ پلے کارڈز اور بینرز پر عمران خان کی فوری رہائی اور عمران خان کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین مسلسل ، عمران خان کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے ۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری ، پاکستان میں آئین اور قانون کی خلاف ورزی اور سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے ۔ اوورسیز میں بسنے والی کمیونٹی سمیت پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے کہ جب تک عمران خان کو رہا نہیں کر دیا جاتا۔ شہباز گل نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پر امن جماعت ہے اور پی ٹی آئی کے ارکان امن پر یقین دکھتے ہیں ۔ہمیں فرانس اور ترکی کی طرح حق اور سچ کی جیت کو یقینی بنانا ہے ۔ شہباز گل نے کہا کہ عمران خان سمیت تحریک انصاف کی راہ میں رکاوٹیں ڈال کر الیکشن کے التواءکی کوشش کی جا رہی ہیں کیونکہ حکمرانون کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے ۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خورشید احمد بھلی ، امجد نواز، چوہدری پرویز ریاض امراء، شاہد رضا رانجھا ، ضمیر احمد چوہدری ، ضیاءالرحمن ، انیلا نقوی سمیت دیگر کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مختصر نوٹس پر ٹائمز سکوائر پر ہزاروں ارکان کا جمع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ اوورسیز میں بسنے والے ایک کروڑ پاکستانی ، عمران خان کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی رہائی اور پاکستان میں الیکشن کی تاریخ کے انعقاد تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

منتظمین نے مظاہرے میں شریک ساتھیوں اور پی ٹی آئی ارکان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ساتھیوں کی کپتان سے بے پناہ محبت کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

PTI USA Times Square Demonstration

 

Related Articles

Back to top button