پاکستان

شکاگو میں پاکستانی بزنس مین مبشر خان کا دن دیہاڑے قتل

بظاہر مبشر خان کسی مقامی گینگ کی لڑائی میں نشانہ بن گئے ، گولی سینے پر لگی اور جان لیوا ثابت ہوئی ، قاتل جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب

گذشتہ تیس سے زائد سالوں سے شکاگو میں مقیم مبشر خان کا تعلق کھاریاں ، پاکستان سے تھا ، پسماندگان میں چار بچے اور بیوہ شامل ہیں ، ایک بیٹا سابق چئیرمین نیب کا داماد ہے

شکاگو (محسن ظہیر ) امریکی شہر شکاگو میں پاکستانی امریکن بزنس مین کو دن دیہاڑے گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 64سالہ مبشر خان 22ستمبر منگل کو صبح ساڑھے 10بجے نارتھ ویسٹرن ایونیو شکاگو پر واقع اپنے گیس سٹیشن پر پہنچے ۔ گاڑی سے اترنے کے بعد وہ گاڑی سے اپنا کچھ سامان اتار رہے تھے کہ اس دوران ، چارملزمان پر مشتمل ایک گینگ ایک 17سالہ لڑکا کا پیچھا کرتے ہوئے آیا ۔ گینگ کے ارکان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک گولی مبشر خان کے سینے میں لگی جبکہ 17سالہ لڑکے کو بھی دو گولیاں ماری گئیں ۔
فائرنگ کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ دریں اثناءفائرنگ سے زخمی ہونے والے مبشر خان اور زخمی کو ہسپتال لے جایا گیا ۔ مبشر خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔
میڈیا رپورٹس اور شکاگو کی پاکستانی کمیونٹی کے مقامی ارکان کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ گینگ کی لڑائی میں مبشر خان بدقسمتی سے نشانہ بن گئے ۔ جائے وقوعہ سے حاصل کی جانیوالے سی سی ٹی وی فوٹیج میں چارافراد واقعہ کے بعد لیکساس گاڑی میں فرار ہوتے ہوئے نظر آئے ہیں ۔ پولیس نے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے اور مبشر خان کے علاوہ 17سالہ مقامی شخص جس کو گولی لگی ، کی شناخت اور قتل کے محرکات بیان نہیں کئے گئے ۔
مقتول مبشر خان کا تعلق ، پاکستان کے شہر کھاریاں سے تھا ۔پاکستانی امریکن کمیونٹی شکاگو کے رہنما جاوید راٹھور کے مطابق مقتول کے چاربچے تھے ۔ ان کے ایک بیٹے کی شادی نیب کے سابق چئیرمین قمر الزمان کی صاحبزادی سے ہوئی ہے ۔
مبشر خان کی نماز جنازہ جمعرات24ستمبر کو ولا پارک اسلامک سنٹر شکاگو میں ادا کی جائے گی جس کے بعد جمعہ کو ان کا جسد خاکی ، پاکستان روانہ کیا جائے گا۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی شکاگو کا کہنا ہے کہ مبشر خان کا شمار ، کمیونٹی کی بہت ہی شریف النفس اور ہر دلعزیز شخصیات میں ہوتا تھا۔ ان کے المناک قتل پر پوری کمیونٹی سوگوار ہے اور سٹی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کرتی ہے کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دی جائے ۔

A 64-year Pakistani American Mubashar Khan was shot in the chest and taken to Stroger Hospital Chicago where he was pronounced dead.

Related Articles

Back to top button