اوورسیز پاکستانیز

امریکہ میں پاکستانی ٹریول ایجنٹس کا بزنس ٹھپ

حج و عمرہ بند ہے ، موسم گرما کی چھٹیوں کے باوجود لوگ سفر نہیں کررہے  پاکستانی امریکن ٹریول ایجنٹس ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں

نیویارک (محسن ظہیر) امریکہ میں جون جولائی ٹریول اور حج و عمرہ پیکج کے بزنس سے تعلق رکھنے والے پاکستانی امریکن ٹریول ایجنٹس اور گروپوں کے لئے ہائی سیزن ہوتا ہے لیکن امریکہ بھر میں مقیم پاکستانی امریکن ٹریول ایجنٹس ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں اور نہ صرف ٹریول کے بزنس کا کوئی بزنس نہیں بلکہ دور دور تک بزنس کا نام و نشان بھی نہیں ۔ اس تمام تر صورتحال کی وجہ کورونا وائرس ہے کہ جس نے گذشتہ پانچ ماہ سے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔ اس وائرس نے جہاں لاکھوں کی تعدادمیں جانی نقصان کیا وہاں اربوں کھربوں کا مالی نقصان بھی کیا اورمسلسل کررہا ہے ۔
امریکہ بھر میں ماہ گرما میں گرمیوں کی تعطیلات کی وجہ سے کمیونٹی ارکان نے اپنی فیملی کے ساتھ مہینوں پہلے ایڈوانس ائیر ٹکٹ بک کروا رکھی ہوتی تھیں لیکن پہلے انہوں نے امریکہ میں نیویارک ، واشنگٹن وغیرہ والے علاقوں میں کورونا کی صورتحال کی وجہ سے سفر کا پلان نہیں بنایا اور جن ان امریکی ریاستوں میں صورتحال بہتر ہوئی تو پاکستان میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاو¿ کی وجہ سے کسی کی پاکستان کے سفر کی ہمت نہیں ہوئی ۔
جیو ٹریول نیویارک کے شیخ اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ آج کل زیادہ تر وہ لوگ سفر کررہے ہیں کہ جن کے پاس ریٹرن ٹکٹ تھے یا وہ لوگ سفر کررہے ہیں کہ جو پاکستان گئے تھے اور وہاں سے واپس آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گذشت ہفتے میں اپنے ایک عزیز کو لینے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ گیا تو دوپہر کے وقت جہاں ائیرپورٹ پر رش کی وجہ سے تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی تھی ، وہاں قطر ائیرویز کی پرواز کے مسافروں کے علاوہ کوئی خاص مسافر نظر نہیں آئے اور جے ایف کے ائیرپورٹ کے ٹرمینل فور کو پہچاننا مشکل ہو رہا تھا۔
ڈان ٹریول کے سعید حسن کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے کورونا کی صورتحال کی وجہ سے حج و عمر ہ پر پابندی ہے ۔ اس سال حج سعودی عرب میں مقامی طور پر ادا کیا جا رہا ہے جس میں مقامی سعودی اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے امیگرنٹ فریضہ حج ادا کریں گے ۔ حج نہ ہونے کی وجہ سے ٹریول بزنس سے تعلق رکھنے والے چھوٹے اور بڑے بزنس مین شدید متاثر ہوئے ہیں ۔معمول کے سفری ٹکٹوں کی صورتحال بھی ابتر ہے ۔
شیخ اشفاق کے مطابق دو ائیر لائینز قطر اور امارات کی جانب سے پاکستان سے آنیوالے مسافروں کو پرواز پر سوار ہونے سے قبل ائیرلائینز کی نامزد کردہ لیبارٹریز سے کورونا ٹیسٹ لازمی قراردےدیا گیا ہے جس پر 62سو سے8ہزار روپے تک کا خرچ آتا ہے ۔ ایک ٹکٹ مہنگے ہیں اور دوسرا ٹیسٹ کا خرچ مسافروں کے لئے اضافی بوجھ ہے ۔
نیویارک اور نیوجرسی میں تیسرے فیز میں پاکستانی ٹریول ایجنٹس میں سے کچھ نے اپنے دفاترکھولے تو ہیں لیکن انہیں نہیں معلوم کہ ان کے لئے ان کے ٹریول بزنس میں ٹریول کے حوالے سے ہائی سیزن تو کجا نارمل سیزن بھی کب واپس آئے گا!!!!!
پاکستان انٹر نیشنل ائیرلائینز کہ جسے امریکی حکومت نے کورونا کی وجہ سے امریکہ میں پھنس جانے والے مسافرو ں کو وطن واپس لے جانے کے لئے خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دی تھی ، نے ابھی سات خصوصی پروازیں چلائی تھیں کہ اس دوران پاکستان میں پائلٹس کے لائسنس کے مسلہ نے سر اٹھا لیا جس نے نہ صرف پی آئی اے کی باقی ماندہ خصوصی پروازوں کو بھی بند کروادیا بلکہ امریکہ کے سیکٹر کے لئے پی آئی اے کی معمول کی پروازیں شروع کرنے کی کوششوں اور ہوم ورک کو بھی متاثر کیا ہے ۔

Related Articles

Back to top button