بین الاقوامیخبریں

پاکستان دشمنوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے نفرت کی دیواریں کھڑی نہ کرنے دیں ، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا ملتان میں وومین یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب ، فارغ التحصیل سٹوڈنٹس اور ٹیچرز کو مبارکباد

ملتان(اظہار عباسی سے ) پنجاب کے گورنرانجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کا معاشی نظام مضبوط ہو، ہمیں اپنے دشمن کو پہچاننے کی ضرورت ہے،جنوبی پنجاب میں ہر سطح پر تعلیم کو عام کررہے ہیں وہ جنوبی پنجاب کے شہر ملتان کی ویمن یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں بحیثیت چانسلر دی ویمن یونیورسٹی ملتان کی تمام طالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو تاریخی شہر ملتان کے قابلِ فخر تعلیمی ادارے سے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد آج سند فراغت حاصل کررہی ہیں۔ آپ کے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ اس کامیابی کو ان کی محنت، محبت اور تعاون نے ممکن بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ویمن یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طالبات علم و تحقیق کے شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انسان کا کردار اس کا بنیادی زیور ہے جس سے ہر انسان کو خود کو آراستہ کرنا چاہیے اور یہءاصل کامیابی ہے ریسرچ کیسی بھی جامعہ کی ریڑھ کی ہڈی ہے انہوں نے مزید کہا کہ آپ اسے اتفاق ہی کہیے کہ جب سے ہم حکومت میں آئے ہیں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور اس پر حالیہ دہشت گردی کی لہر۔ یہ سب مسائل کسی بھی حکومت کے راستے کی رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

گورنرانجینئر بلیغ الرحمان نے کہا کہ 2018 میں ہمارا ملک پوری دنیا میں معاشی اعتبار سے 24ویں نمبر پر تھا لیکن پھر وطن دشمنوں کی سرگرمیوں اور نااہلی نے ہمیں 44ویں نمبر پر لاکر کھڑا کر دیا ہے ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کا معاشی نظام مضبوط ہو، جن کے عوام کو صحت کی تمام تر سہولتیں میسر ہوں اور جن کے نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوں۔ ہمارا ایمان ہے کہ ایک دیانت دار اور ان تھک محنت کرنے والا لیڈر ہی اپنی قوم کی کشتی کو طوفانوں سے نکال سکتا ہے۔ ہمارے لیڈر سابق وزیراعظم شہبازشریف نے یہی کردکھایا ہے۔ انہوں نے ہر مسلہ لے کو بخوبی حل کیا۔ فوری اور مضبوط اقدامات کئے جس سے ہماری معیشت مستحکم ہوئی اور ہم FATF کی گرے لسٹ سے باہر ہو گئے۔ ڈالر کی بڑھتی قیمت کو کنٹرول کرلیاگیا اور اب روپیہ کی قدر مستحکم ہورہی ہے۔ سٹاک ایکسچینج میں بہتری آئی ہے اور انڈیکس پوائنٹس میں اضافہ ہوا ہے۔ زراعت کی ترقی کےلیے بھی ایسے اقدامات کیے گئے ہیں جس سے کسان کی مشکلات میں کمی آئی ہے اور کسان خوشحالی کی جانب گامزن ہوا ہے۔ یہ وقت کی اشد ضرورت ہے کہ ہم سب مل کر بحیثیت قوم دہشتگردی اور نفرت کی سیاست کا مقابلہ کریں۔ ان عناصر کی بیخ کنی کریں جو پاکستان کی بنیاد کو کھوکھلا کرکے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ہمیں اپنے دشمن کو پہچاننے کی ضرورت ہے۔ یہ آئی ٹی کا سوشل میڈیا کا دور ہے۔ ہر بات جنگل کی آگ کی طرح پھیل جاتی ہے ملک دشمن عناصر اسی آئی ٹی کا سہارا لے کر آپ کے درمیان نفرت کی دیواریں کھڑی کررہے ہیں۔ لیکن آپ محبت کے پیغام کو عام کریں اور لوگوں کو سمجھائیں کہ منافرت کا زہر ایسا نقصان پہنچاتا ہے جس کا ازالہ ممکن نہیں۔ معاشرے کو سدھارنے کےلیے ہمیں آپ جیسے تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ آپ ہمارا مستقبل ہمارا اثاثہ ہیں۔

میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں تعلیم کے میدان میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی لیے ہم پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب میں ہر سطح پر تعلیم کو عام کررہے ہیں تاکہ پسماندہ سے پسماندہ علاقہ بھی تعلیم کی روشنی سے محروم نہ رہے۔ ہم زرعی تعلیم کو بھی عام کررہے ہیں۔ اور یہ تعلیم تحقیقی اور سائنسی بنیادوں پر قائم ہے۔ آپ سے ہماری بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ پاکستان کی آبادی کا 70فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے اسی لیے قائداعظم نے فرمایا تھا کہ پاکستانی قوم کی تعمیروترقی کا بوجھ آپ کے شانوں پر ہے۔ وقت آگیا ہے کہ آپ اپنے خوابوں کی منزل کو تلاش کریں اور اسے حقیقت کاروپ دیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اعلیٰ انسانی اور اخلاقی اقدار کو نہ صرف سمجھیں گی بلکہ ان کی پاسداری بھی کریں گی۔

مجھے خوشی ہے کہ آپ کی یونیورسٹی عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کرنے کے ساتھ اپنے ملک کا نام بھی روشن کررہی ہے۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی فہرست میں پاکستان بھر میں خواتین کی تیسری بہترین یونیورسٹی کا اعزاز پانا اور اقوام متحدہ کے 17SDG Targets میں Impact ranking میں دنیا بھر کی خواتین یونیورسٹیوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرنا نہایت قابلِ تحسین ہے۔ یونیورسٹی کی سطح کے تعلیمی ادارے ہمیشہ تحقیق سے اپنی درجہ بندی کو مضبوط بناتے ہیں مجھے یہ سن کر مسرت ہوئی کہ آپ کے گیارہ تحقیقی جرنلز Y کیٹیگری میں آچکے ہیں۔ 58 تحقیقی پراجیکٹس مکمل ہوچکے ہیں اور فیکلٹی کے ایک سال میں یعنی صرف 2023 میں 238 مقالات طبع ہوچکے ہیں۔ آپ کی ترقی ہمارے لیے بھی باعث فخروستائش ہے۔ آپ نے مستقبل کی انتظامیہ کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے اور دی ویمن یونیورسٹی ملتان کی تاریخ میں ایک سنہرا باب رقم کیا ہے۔ میں ان تمام اعزازات کے حصول پر آپ کی وائس چانسلر صاحبہ اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ آپ نے انتہائی کم وقت میں بےشمار حیرت انگیز کامیابیاں سمیٹ لی ہیں۔ ایک بار پھر ڈگری حاصل کرنے والی طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور د±عاگو ہوں کہ یہ ہونہار طالبات اپنا، اپنی مادرِعلمی اور ملک وقوم کا نام روشن کریں اس موقع پر سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نےکہا کہ دی ویمن یونیورسٹی ملتان اپنی ابتدا ہی سے اس اصول پر کاربند ہے کہ ہمیں تازہ علم کی افزائش کرنی ہے، اسے فروغ دینا ہے ۔

اس موقع پر ڈاکٹر رمضان( وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ) ڈاکٹر حیات اعوان( پرو ریکٹر ISP) ، ڈاکٹر عطاءالحق سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ، طاہر اعوان سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ, رانا آصف سعید( صدر ہائی کورٹ ) اساتذہ اور طالبات موجود تھے ۔

Related Articles

Back to top button