پاکستان

پاکستان ایمبسی واشنگٹن کے سامنے تحریک انصاف کا مظاہرہ

تحریک انصاف کا واشنگٹن کے بعد نیویارک میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان


واشنگٹن ڈی سی (اردو نیوز) پاکستان تحریک انصاف یوایس اے کی جانب سے پاکستان ایمبسی واشنگٹن ڈی سی کے سامنے منگل کو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس احتجاجی مظاہرے میں واشنگٹن کے علاوہ امریکہ کے مختلف شہروں سے آئے تحریک انصاف کے عہدیداران اور ارکان نے شرکت کی اور کہا کہ تحریک انصاف یو ایس اے ، پاکستان میں کرپٹ حکومت کو تسلیم نہیں کرتی اور عوامی مینڈیٹ پر ڈالے جانے والے ڈاکہ پر سراپا احتجاج ہے۔

احتجاجی مظاہرے کی قیادت تحریک انصا ف یو ایس اے کے مقامی قائدین جان بشیر، خالد تنویر، ضیاءحسن ، اسد شیخ ، سادات رانا، ذفر نقوی ، کرن ڈار اور خضریٰ سمیت ان کے ساتھیوں نے کی ۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارا مظاہرہ اور احتجاج وزیراعظم میاں شہباز شریف اور کولیشن گورنمنٹ کے خلاف ہے جو کہ ایک سازش کے تحت پاکستان میں عمل میں آئی۔ مظاہرے کے شرکا ءنے سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اپنے یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک جمہوری اور کرپشن سے پاک ملک بنانے میں ان کے شانہ بشانہ ساتھ چلیں گے ۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں تحریک انصاف کے جھنڈے اور مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف اور عمران خان اور تحریک انصاف کے حق میں نعرے درج تھے

واشنگٹن ڈی سی کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے دو بڑے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے ایک احتجاج مظاہرہ جمعہ کو جب کہ دوسرا احتجاجی مظاہرہ اتوارلانگ آئی لینڈ میں ہو گا اور اس موقع پر کار ریلی بھی نکالی جائے گی گی۔

قبل ازیں امریکی ریاست نیوجرسی میں تحریک انصاف یو ایس اے کے سیکرٹری جنرل سیم خان کی قیادت میں بھی احتجاجی مظاہرہ اور یکجہتی ریلی نکالی گئی جس میں پارٹی ارکان نے شرکت کی اور میاں شہباز شریف کی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا ۔

 

Related Articles

Back to top button