اوورسیز پاکستانیز

نیویارک میں ایک اور پاکستانی فارماسسٹ آصف اقتدارانتقال کر گئے

سانس کی تکلیف کی وجہ سے کام سے چھٹی لی ، طبیعت نہ سنبھلی تو ہسپتال داخل ہوئے جہاں انہیں ڈبل نمونیہ تشخیص کیا گیا ، ایک ہفتہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے

پاکستانی امریکن فارماسسٹس، ہیلتھ کئیر پروفیشنلز اور کمیونٹی نے فارماسسٹ آصف اقتدار کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائیں

نیویارک (محسن ظہیر،اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کے ایک اور فارماسسٹ آصف اقتداریہاں انتقال کر گئے ۔ ان کی عمر 47سال تھی ۔فارماسسٹ شہباز خان جن کی فرسٹ کئیر فارمیسی واقع فوسٹر ایونیو ، بروکلین پر آصف اقتدار کام کرتے تھے ، نے بتایا کہ چند ہفتے قبل آصف کی طبیعت خراب ہوئی ۔ کرونا وائرس وبا کے دوران وہ مسلسل کام کرتے رہے ۔طبیعت خراب ہونے پر انہوں نے کہا کہ وہ چھٹی کرکے کچھ آرام کرنا چاہتے ہیں ۔
شہباز خان نے مزید بتایا کہ آصف اقتدار کی جب طبیعت زیادہ خراب ہوئی، انہیں سانس کی تکلیف شروع ہوئی تو وہ ہسپتال چلے گئے جہاں ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں داخل کر لیا گیا اور علاج شروع کر دیا گیا ۔ اس دوران ڈاکٹرز کی جانب سے تشخیص کی گئی کہ انہیں ڈبل نمونیہ ہوا ہے۔ ہسپتال میں قیام اور علاج کے باوجود ان کی طبیعت سنبھل نہیں سکی اور ایک ہفتہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے ۔
فارما سسٹ شہباز خان نے کہا کہ مرحوم نہایت ہی نفیس ، محنتی اور خوش اخلاق انسان تھے ۔ حد سے زیادہ صفائی پسند اور اپنے کام سے جذباتی لگاو رکھتے تھے ۔ ان کی جواں سال موت ہمارے لئے بہت بڑا صدمہ ہے ۔ ہم ان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے آصف اقتدار گذشتہ دس سے زائد سالوں سے امریکہ میں مقیم تھے ۔ پاکستانی امریکن فارماسسٹس، ہیلتھ کئیر پروفیشنلز اور کمیونٹی نے فارماسسٹ آصف اقتدار کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائیں اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ۔
یاد رہے کہ اپریل کے آخری ہفتے میں پاکستانی امریکن خاتون فارماسسٹ فرزانہ احسن کا بھی نیویارک میں انتقال ہوا تھا ۔

Pakistani American pharmacist Asif Iqtidar passes away in New York

 

Al-Rayaan Muslim Funeral Services

Related Articles

Back to top button