اوورسیز پاکستانیز

نیویارک کی پاکستانی مسجد پر شرپسند شخص کی نفرت انگیز وال چاکنگ

”طیبہ اسلامک سنٹر“ پر عید سے پہلے رات کے پچھلے پہر پر کوئی نا معلوم شخص دیوار پر ”Death to Palestine“ یعنی کہ فلسطین کے لئے موت کی وال چاکنگ کرکے چلا گیا

نیویارک (محسن ظہیر) نیویارک کے علاقے بروکلین میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مسجد ”طیبہ اسلامک سنٹر“ پر عید سے پہلے رات کے پچھلے پہر پر کوئی نا معلوم شخص دیوار پر ”Death to Palestine“ یعنی کہ فلسطین کے لئے موت (فلسطین مردہ آباد)کے الفاظ پر مشتمل وال چاکنگ کرکے چلا گیا ۔نفرت انگیز وال چاکنگ کو مسجد انتظامیہ کی جانب سے نفرت نہیں محبت او ر عید مبارک کے الفاظ سے ڈھانپ دیا گیا ہے ۔
طیبہ اسلامک سنٹر انتظامیہ کے سینئر رکن سائیں الیاس جورات مسجد میں ہی تھے اور عید کے روز 13مئی کو علی الصبح باہر آئے تو انہیں مسجد کی دیوار کے پاس سے پینٹ کی بو آئی ۔سائیں الیاس کا کہنا ہے کہ دیوار پر جو الفاظ پینٹ کئے گئے تھے ، انہیںتو انکی سمجھ نہیں آئی تاہم کچھ دیر کے بعد نماز عید کے موقع پر ڈیوٹی دینے کے لئے پولیس کی گاڑی معمول کے مطابق مسجد آئی تو پولیس حکام نے وال چاکنگ کا نوٹس لیا اور جانا کہ یہ نفرت انگیز الفاظ لکھے گئے ہیں ۔ سائیں الیاس کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے خود اعلیٰ پولیس حکام کو کال کی جس کے بعد Hateکرائم سکواڈ کے پولیس حکام بڑی تعداد میںجائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے تمام شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے ۔

Video

طیبہ اسلامک سنٹر کے امام و خطیب قاری محمد یونس قادری کا کہنا ہے کہ رات کے اندھیرے میں مسجد پر نفرت و اشتعال انگیز وال چاکنگ کرنے والا شر پسند فرار ہونے میں تو کامیاب ہو گیا لیکن مسجد کے سی سی ٹی وی کیمرے اورساتھ واقع بعض بلڈنگز کے کیمروں کی آنکھ نے مشتبہ شخص کی حرکات کو محفوظ کر لیا ہے۔قاری یونس نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں مشتبہ شخص کی پہچان نہیں ہو رہی کیونکہ اس نے ماسک پہنا ہوا تھا۔فوٹیج میں دیکھا گیا کہ مشتبہ شخص آیا، اس نے پہلے مسجد کی دیوار کی تصویر لی، پھر دیوار پر نفرت انگیز مواد لکھا اور پھر دیوار کی تصویر بنا کر جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ قاری یونس نے مزید بتایا کہ وہ عید کی نماز پڑھانے جب مسجد آئے تو انہیں مسجد انتظامیہ کے سائیں الیاس نے واقعہ کا بتایا۔ اس دوران پولیس حکام بھی آگئے ۔ایک سوال کے جواب میں قاری یونس نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کونی آئی لینڈ کے علاقے میں مسلم اور یہودی کمیونٹی ایک ساتھ رہتے ہیں ، ہمارا آپس میں کبھی کوئی مسلہ نہیں ہوا۔پولیس حکام شرپسند کو تلاش کرکے گرفتار کرے کیونکہ کسی کو کمیونٹی میں شر پھیلانے کی اجازت نہیں ہوی چاہئیے ۔
بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع طیبہ اسلامک سنٹر جس مقام پر واقع ہے ، یہاں پاکستانی ، مسلم اور یہودی کمیونٹی بڑی تعداد میں اکٹھی بستی ہے ۔ اسلامک سنٹر پر نفرت انگیز وال چاکنگ کے واقعہ کے بعد نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مسجد کے سامنے پولیس تعینات کر دی گئی ہے ۔مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ہیٹ کرائم سکواڈ نے جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت شواہد اکٹھے کرکے وال چاکنگ کرنے والے شرپسند کی تلاش شروع کر دی ہے

 

 

Related Articles

Back to top button