اوورسیز پاکستانیز

پاکستانی امریکن ڈاکٹرز کی تنظیم اپنا کا اکنا ریلیف کو ”چار موبائل کلینک “کا عطیہ

اپنا “ کی جانب سے عطیہ کئے جانیوالے ایک موبائیل کلینک وین کی لاگت50ہزار ڈالر ہے،موبائل وین میں ابتدائی طبی امداد اور ایک چھوٹے کلینک کا بندوبست ہے

موبائل کلینک ایک بروقار تقریب میں اکنا ریلیف کے حوالے ،اپنا کی جانب سے اکنا ریلیف پر اعتماد کا اظہار ہے ، مقصود احمد ، اکنا ریلیف اور”اپنا“ ملکر انسانیت کی خدمت کرینگے ، ڈاکٹر ساجد چوہدری

بالٹی مور( اردو نیوز) اکنا ریلیف امریکہ میں مسلمانوں کی تنظیم مل کر خدمت خلق کا فریضہ انجام دے رہی ہے جہاں مختلف شعبے یہ ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ صحت کے میدان میں اکنا ریلیف کا بہترین کام ہے جس کے زیر اہتمام سات فری کلینک کام کر رہے ہیں۔ اکنا ریلیف کے اس فلاحی کاموں کو دیکھتے ہوئے مختلف تنظیمیں اکنا ریلیف کے ساتھ اشتراک کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے گزشتہ دنوں امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹرز کی سب سے بڑی تنظیم ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نارتھ امریکہ APPNA نے اکنا ریلیف کی فلاحی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے چار موبائل کلینک (وین) عطیہ کی ہیں۔ ان موبائل کلینک کی کل لاگت 50 ہزار ڈالرز فی وین ہے جس میں ابتدائی طبی امداد کے علاوہ ایک چھوٹا سا کلینک موجود ہے جو انتہائی خوبصورتی اور مہارت سے تیار کیا گیاہے۔
موبائیل کلینک کو اکنا ریلیف کے حوالے کرنے کی پروقار تقریب میری لینڈ میں اکنا کے سالانہ کنونشن کے موقع پر منعقد ہوئی ۔

تقریب میں اپنا کے سابق صدر ڈاکٹر ساجد نے وین کی چابیاں اکنا ریلیف کے چیف ایگزیکٹو مقصود احمد کے حوالے کیں ۔اس موقع پر اکنا سوشل سروس کے انچارج محسن انصاری کے علاوہ اپنا کے سابق صدر ڈاکٹر پراچہ اور اکنا ریلیف کے ارکان سمیت کمیونٹی ارکان بڑی تعداد میں موجو تھے۔

ڈاکٹر ساجد چوہدری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اکنا ریلیف گذشتہ کئی سالوں سے خدمت خلق کی مختلف سرگرمیوں میں شامل ہے اور سماجی خدمات کے لحاظ سے اکنا ریلیف ممتاز مقام اور پہچان کی حامل بن گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے موقع پر متاثرین کی بلا امتیاز مدد اور مستحق بچوں کو سکول بیگ اور پلائی کی تقسیم جیسے اکنا ریلیف کے فلاحی و امدادی کام بھی قابل ستائش ہیں۔ اس لئے اپنا نے فیصلہ کیا کہ اکنا ریلیف کے ساتھ ملکر کام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بورڈ نے مشترکہ طور پر اس احسن اقدام کی حمایت کی۔ ڈاکٹر ساجد چوہدری نے کہا کہ یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے جہاں دو بڑی تنظیمیں مل کر کام کریں گی۔

اکنا ریلیف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقصود احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اکنا ریلیف پورے امریکہ میں رنگ و نسل او مذہب سے بالاترہو کر خدمت خلق کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اکنا ریلیف کو اس مقام پر لے جانا چاہتے ہیں کہ لو گ ہماری طرف دیکھیں کہ مسلمان مدد کرنے والے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اکنا ریلیف نے جو کام کئے ہیں اس کی وجہ سے امریکہ میں نفرت میں کمی آئی ہے، خدمت خلق مسلم کمیونٹی کی پہچان بن رہی ہے ۔

اکنا سوشل سروسز کے انچارج ڈاکٹر محسن انصاری کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا لمحہ ہے کہ جب دو بڑی تنظیمیں اشتراک سے کوئی کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنا کے ڈاکٹرز مختلف مقامات پر اپنا وقت بھی رضا کارانہ طو رپر دیں گے۔ اس موقع پر اپناکے مختلف افراد کو جن میں ابوبکر شخانی ، ڈاکٹر ظفر اقبال حامد ، ڈاکٹر ساجد چوہدری اور سوشل سروسز کے انچارج بابر راﺅ کو اکنا ریلیف کی جانب سے خصوصی شیلڈ پیش کی گئیں۔

Related Articles

Back to top button