امیگریشن نیوز

نیو جرسی میں دو پاکستانیوں پر امریکی صدارتی الیکشن میں غیر قانونی ووٹنگ اور شہریت درخواست میں جھوٹ بولنے کا فردِ جرم عائد

عدالتی دستاویزات کے مطابق 37 سالہ محمد مزمل اور 62 سالہ محمد شکیل اس وقت امریکی شہری نہیں تھے جب انہوں نے نیو جرسی میں ووٹر رجسٹریشن کروائی، یو ایس امیگریشن

نیو جرسی (اردو نیوز) امریکی فیڈرل الیکشن میں غیر قانونی طور پر ووٹ ڈالنے اور امریکی شہریت کی درخواستوں میں جھوٹے بیانات دینے پر نیو جرسی میں مقیم دو پاکستانی شہریوں پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ یہ اعلان امریکی اٹارنی آفس نے کیا، جبکہ تحقیقات میں ایف بی آئی، ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز (HSI) اور یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز (یو ایس سی آئی ایس) نے اہم کردار ادا کیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق 37 سالہ محمد مزمل اور 62 سالہ محمد شکیل اس وقت امریکی شہری نہیں تھے جب انہوں نے نیو جرسی میں ووٹر رجسٹریشن کروائی۔ دونوں نے ووٹر رجسٹریشن فارم پر جھوٹا حلف دیا کہ وہ امریکی شہری ہیں۔ رجسٹریشن کی منظوری کے بعد، دونوں نے نومبر 2020 کے عام انتخابات میں ووٹ کاسٹ کیا، جن میں امریکی صدر اور نائب صدر کے انتخابات بھی شامل تھے، حالانکہ وفاقی انتخابات میں ووٹنگ کے لیے امریکی شہریت لازمی شرط ہے۔
مزید الزام ہے کہ غیر قانونی ووٹنگ کے بعد دونوں افراد نے امریکی شہریت کے لیے این 400 (نیچرلائزیشن درخواست) جمع کرائی، جس میں حلفاً تصدیق کی جاتی ہے کہ دی گئی تمام معلومات درست ہیں۔ تاہم، دونوں نے اپنی درخواستوں میں جھوٹا دعویٰ کیا کہ انہوں نے کبھی کسی وفاقی، ریاستی یا مقامی الیکشن میں ووٹ نہیں دیا۔ یو ایس سی آئی ایس انٹرویو کے دوران بھی، حلف کے تحت، دونوں نے یہی جھوٹا بیان دہرایا۔حکام کے مطابق فردِ جرم میں شامل الزامات فی الحال محض الزامات ہیں اور قانون کے مطابق ملزمان اس وقت تک بے گناہ تصور کیے جائیں گے جب تک جرم ثابت نہ ہو جائے۔ اگر الزام ثابت ہو گیا تو دونوں کو زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Related Articles

Back to top button