نیویارک میں ”APPAC“ کے زیر اہتمام جشن فتح، پاکستان کی قومی و عسکری قیادت کو مبارکباد، صدر ٹرمپ کا شکرئیہ
Victory Celebration in New York by APPAC; Tributes to Pakistan’s Leadership, Thanks to Trump

نیویارک کی پاکستانی امریکن کمیونٹی نے حالیہ انڈین جارحیت کے خلاف پاکستان کی فتح پر پاکستانی قومی ، قومی و عسکری قیادت کو مبارکباد پیش کی ہے ، نیویارک میں اس فتح کا عظیم الشان جشن منایا
پہلے پاک بھارت جنگ کے تناظر میں ”امن ڈائیلاگ “ کا اہتمام کیا گیا تھا تاہم اس صدرٹرمپ کی کوششوں سے ہونیوالی جنگ بندی کے بعد ”اے پی پیک “ کی تقریب کمیونٹی کے جشن فتح میں تبدیل ہو گئی
نیویارک ( محسن ظہیر سے ) نیویارک کی پاکستانی امریکن کمیونٹی نے حالیہ انڈین جارحیت کے خلاف پاکستان کی فتح پر پاکستانی قومی ، قومی و عسکری قیادت کو مبارکباد پیش کی ہے ، نیویارک میں اس فتح کا عظیم الشان جشن منایا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیاب امن کوشش کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم نمائندہ تنظیم ” امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی“ ( اے پی پیک۔APPAC) کے زیر اہتمام پہلے پاک بھارت جنگ کے تناظر میں ”امن ڈائیلاگ “ کا اہتمام کیا گیا تھا تاہم صدرٹرمپ کی کوششوں سے ہونیوالی جنگ بندی کے بعد ”اے پی پیک “ کی تقریب پاکستانی کمیونٹی کے جشن فتح میں تبدیل ہو گئی۔ تقریب میں پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کے علاوہ نیویارک ٹرائی سٹیٹ ایریا سے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم نمائندہ تنظیموں کے قائدین اور ارکان نے شرکت کی اور سب نے سبز ہلالی پرچم تلے ایک کمیونٹی بن کر وطن عزیز پاکستان اور پاکستان کی مسلح افواج کی جرات و بہادری کو سلام پیش کیاا ور کہا کہ اوورسیز کمیونٹی ملکی خود مختاری کےلئے ہمیشہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی ۔

نیویارک میں ہونیوالی پاکستانی کمیونٹی کی اس تقریب کی صدارت ”اے پی پیک “ کے پریذیڈنٹ ڈاکٹر پرویز اقبال نے کی جبکہ تقریب میںچئیرمین ڈاکٹر اعجاز احمد کے علاوہ چوہدری اکرم،ناہید بھٹی ، اسد چوہدری ، سونی دستگیر، محسن شاہ ، وکیل انصاری ، ڈاکٹر فراز، عتیق قادری ،زمان آفریدی ، طاہرہ دین ، ڈاکٹر حسن ڈوگر، عون نقوی ، ہمایوں شبیر، راحیلہ اسلم، روبی ملک، راشد انصاری ، نواب دین، ڈاکٹر صفدر چڈا، بد ر بھٹی ، ہارون رامے ، ڈاکٹر بشیراختر ظہیر مہر، چوہدری فاروق وڑائچ، شفقت تنویر،عاطف الرحمان ، جبران اکرم سمیت کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان نے شرکت کی ۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید کے بعد امریکہ اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا۔ وکیل انصاری نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔
ڈاکٹر پرویز اقبال نے ”اے پی پیک “ کی جانب سے قونصل جنرل سمیت تمام کمیونٹی قائدین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ، قومی قیادت بالخصوص مسلح افواج نے جس کامیابی اور جرات و بہادری کے ساتھ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا اور بھارت کے امن تباہ کرنے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ، وائس پریذیڈنٹ جے ڈی وینس اور سیرٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو کی عین وقت پر کی جانیوالی کوششیں قابل قدر ہیں جس پر ان کے مشکور ہیں ۔
”اے پی پیک “ کے چئیرمین ڈاکٹر اعجا ز احمد نے بھی پاکستان کی قومی و عسکری قیادت بالخصوص مسلح افواج کی بہادری اور جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دفاع وطن پر ان کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے عین موقع پر اپنا عالمی اور عالمی لیڈر ہونے کا جو کردار ادا کیا ، وہ قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن چاہتا ہے اور دنیا کو خطے میں امن کو یقینی بنانے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرنا چاہئیے ۔
پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے ”اے پی پیک “ سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کی تمام ہم نمائندہ تنظیموں اور قائدین کا شکرئیہ ادا کیا کہ جن مشکل وقت میں ملک و قوم اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور حقیقی معنوں میں پاکستان کے سفیر بن کر اپنا کردار ادا کرتے رہے ۔ انہوں نے پاکستانی امریکن کمیونٹی سے کہا کہ وہ امریکی رائے عامہ کو پاکستان کے امن کی خواہش ، کردار کے بارے میں آگاہ کریں اور بھارتی پروپیگنڈہ کو بے نقاب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی کی یکجہتی قابل قدر ہے ۔
نیویارک میں امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کے زیر اہتمام پاکستان کی کامیابی اور دشمن کو شکست دینے کی خوشی میں تقریب منعقد کی گئی، شرکائ نے پاک فوج کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
تقریب سے خطاب کے دوران کمیونٹی قائدین نے بھارتی جارحیت کے خلاف ، پاکستان کی مسلح افواج کے کے جراتمندانہ کردار کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ افواج پاکستان قومی و ملکی سلامتی اور دفاع کی ضامن ہے اور اوورسیز کمیونٹی ہمیشہ شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہو گی ۔آخر میں قونصل جنرل عامر اتوزئی، ڈاکٹر اعجاز ، ڈاکٹر پرویز اقبال سمیت ”اے پی پیک “اور کمیونٹی قائدین نے مل کر پاکستان کی فتح کا کیک کاٹا، اس موقع پر تقریب پاکستان زندہ آباد، پاکستان فوج پائندہ آباد کے نعروں سے گونج اٹھی ۔
Pakistani American Community Celebrates Victory Over Indian Aggression, Hails Trump’s Peace Role