شہزاد انور نے18ہزار ڈالرز کا فراڈ کیا، ورلڈ سٹار انٹر ٹینمنٹ کے پروموٹر عتیق شیخ کا الزام
حافظ شہزاد انور کے خلاف نیوجرسی میں پولیس رپور ٹ درج کرونگا اور قانونی چارہ جوئی بھی کرونگا، عتیق شیخ کی لانگ آئی ، نیویارک میں پریس کانفرنس

نیویارک ( اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کے معرو ف اور انٹر نیشنل پروموٹر اور ورلڈ سٹار انٹر ٹینمنٹ کے سربراہ عتیق شیخ نے چند ماہ قبل سامنے آنے والے ایک پروموٹر حافظ شہزاد انور پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اُن کے ساتھ ساڑھے 18ہزار ڈالرز کا فراڈ کیا ہے اور نورا فیتائی شو اور ریتک روشن شو کے لئے کل ملا کر ساڑھے 18ہزار ڈالرز کی رقم خرد برد کر دی ہے ۔ لانگ آئی لینڈ، نیویارک میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران عتیق شیخ کا اپنے عائد کردہ الزامات میں مزید کہنا تھا کہ حافظ محمد شہزاد انور ( جو کہ شہزاد انور کے نام سے مشہور ہیں ) نے انہیں بذریعہ ”زیل “ (Zelle) آٹھ ہزار سے زائد کی ایک جبکہ بذریعہ چیک آٹھ ہزار( سے زائد) کی دوسری پیمنٹ کی ۔ ان کی ”زیل “ پیمنٹ کبھی انہیں موصول نہیں ہوئی ۔ جبکہ چیک بھی بونس ہو گیا۔
عتیق شیخ نے پریس کانفرنس میں مبینہ طور پر شہزاد انور کی جانب سے ”زیل “ پیمنٹ کا سکرین شاٹ اور باو¿نس ہونے والی کی نقل بھی میڈیا کو دکھائی ۔ انہوں نے کہا کہ میں شہزاد انور کا چہرہ کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کرنے چاہتا ہوں تاکہ مزید لوگ اس کے جھانسے میں نہ آئیں ۔
عتیق شیخ نے کہا کہ وہ نیوجرسی میں شہزاد انور کے خلاف پولیس رپورٹ درج کرنے جا رہے ہیں اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شوبز کے شعبے میں کمیونٹی کو تفریح فراہم کرنے والوں کو بھی متنبہ کرونگا کہ وہ ہوشیار رہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے جو بھی الزامات لگائے ہیں، ان کے ثبوت ان کے پاس موجود ہیں ۔ میڈیا کے علاوہ وہ قانون نافذ کرنیوالوں کو بھی یہ ثبوت فراہم کریں گے ۔
نوٹ ۔۔۔عتیق شیخ کی لانگ آئی لینڈ، نیویارک میں پریس کانفرنس دیکھنے کے لئے فیس بک کے اس لنک کو کلک کریں
ایک اور سوال کے جواب میں عتیق شیخ نے کہا کہ شہزاد انور پہلے ان کا فون نہیں اٹھا رہا تھا ۔ جب پریس کانفرنس کا علم ہوا تواس نے فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ پریس کانفرنس سے کچھ نہیں ہونے والا۔ عتیق شیخ نے کہا کہ میں شہزاد انور سے کہا کہ میڈیا کے سامنے ضرور حقائق لائے جائیں،میرے بارے میں بھی کوئی غلط بات ہے، اگر ہے !تو سامنے لائے جائے ، قانونی فورمز سے رجوع کیا جائے۔ میرا دامن صاف ہے ۔ میں ہر میدان اور ہر فورم میں ہر قسم کی کاروائی کا سامنا کرنے کو تیار ہوں ۔
دریں اثناءحافظ شہزاد انور کی جانب سے جو کہ گذشتہ کئی ماہ سے میڈیا کا فون نہیں اٹھا رہے تھے اور نہ ہی ٹیکسٹ میسجز کا جواب دے رہے تھے ، عتیق شیخ کی پریس کانفرنس کے بعد میڈیا کو پیغام بھجوا رہے ہیں کہ وہ اپنا سچ سامنے لائیں گے ۔
