معرکہ حق کی پہلی سالگرہ، نیویارک میں عقیدت و وقار کے ساتھ منائی گئی
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ کے زیرِ اہتمام “پاکستان کی فتح، استقامت، عزم اور امن کے حصول” کے عنوان سے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ
معرکہ حق کی پہلی سالگرہ، نیویارک میں عقیدت و وقار کے ساتھ منائی گئی
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ کے زیرِ اہتمام “پاکستان کی فتح، استقامت، عزم اور امن کے حصول” کے عنوان سے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ
نیویارک ( محسن ظہیر سے ) اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ کے زیرِ اہتمام “پاکستان کی فتح، استقامت، عزم اور امن کے حصول” کے عنوان سے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی، سماجی رہنماو¿ں، ماہرینِ تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد معرکہ حق کی تاریخی کامیابی، پاک افواج کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں پر مبنی خصوصی ڈاکیومنٹری پیش کی گئی۔
نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن باب ہے، جس نے قومی اتحاد، استقامت اور ملکی خودمختاری و سالمیت کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان کے شہداءاور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور استحکام کے لیے پ±رعزم ہے، تاہم ہر قسم کی جارحیت کے خلاف اپنے قومی مفادات کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
تقریب سے سینیٹر رانا محمود الحسن، چیئرمین پاکستان پالیسی انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر غلام مجتبیٰ، ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی، کمیونٹی رہنما علی راشد اور کشمیری رہنما تاج خان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی پاکستانی قوم کے اتحاد، استقامت اور اجتماعی عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔مقررین نے جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی مو¿قف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پ±رامن حل سے وابستہ ہے۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ معرکہ حق نے پاکستان کی بالغ نظری، تحمل اور باوقار انداز میں امن کے تحفظ کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن، کثیرالجہتی نظام اور بین الاقوامی قوانین کے احترام پر یقین رکھتا ہے، جبکہ ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کی مکمل صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی امریکن اور کشمیری کمیونٹی کے فعال کردار اور پاکستان کا مو¿قف دنیا بھر میں اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔



