چوہدری حکمدادمرحوم کو نیویارک کی مکی مسجد کے بانیان کے طور پر یاد رکھا جائے گا
چوہدری حکمداد مرحوم کی کی نماز جنازہ اسی مکی مسجد میں ادا کی گئی جس کی تعمیر میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ، کمیونٹی کا اظہار تعزیت، خدمات کو خراج تحسین
نیویارک (اردو نیوز) نیویارک کی کشمیری امریکن کمیونٹی رہنما چوہدری حکمداد مرحوم کو کونی آئی لینڈ ایونیو، بروکلین جو کہ نیویارک میں پاکستانی اور کشمیری امریکن کمیونٹی کا سب سے بڑا گڑھ تصور کیا جاتا ہے ، پر دہائیوں پہلے تعمیر ہونیوالی مکی مسجد کے بانیان کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ نیویارک کی کشمیری کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیت، بزرگ رہنما اور بروکلین چوہدری حکم داد طویل علالت کے بعد 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر پر نیویارک، نیو جرسی اور دیگر ریاستوں میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
مرحوم چوہدری حکم داد کا شمار ان شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے امریکہ میں مسلم اور کشمیری کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور دینی اداروں کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ بروکلین کی معروف مکی مسجد کے بانی اراکین میں شامل تھے اور مسجد کے قیام سے لے کر اس کی ترقی اور کمیونٹی خدمات تک مختلف منصوبوں میں سرگرم رہے۔
مرحوم کی نماز جنازہ بروکلین کی مکی مسجد میں نماز ظہر کے بعد ادا کی گئی، جس میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مکی مسجد کے پیش امام قاری اسامہ نے مرحوم کی دینی، سماجی اور فلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری حکم داد نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ اللہ کے گھر اور کمیونٹی کی خدمت کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کے مطابق مساجد کی تعمیر اور آباد کاری میں حصہ لینے والے لوگ اللہ کے نزدیک مومنوں میں شمار ہوتے ہیں اور چوہدری حکم داد ان خوش نصیب افراد میں شامل تھے جنہوں نے اس عظیم خدمت میں عملی کردار ادا کیا
قریبی رفقاءکے مطابق چوہدری حکم داد ستمبر 1969 میں امریکہ آئے تھے اور گزشتہ 57 برس سے زائد عرصے تک کمیونٹی کی خدمت میں مصروف رہے۔ وہ نہ صرف کشمیری برادری بلکہ پوری پاکستانی اور مسلم کمیونٹی میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ ان کی خدمات میں سماجی بہبود، کمیونٹی رابطے، مذہبی سرگرمیوں کا فروغ اور نئی نسل کی رہنمائی شامل تھی۔نماز جنازہ کے اختتام پر مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ چوہدری حکم داد کی کمیونٹی کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔چوہدری حکمداد کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم کو نیو جرسی کے جرسی اسٹیٹ میموریل قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ کمیونٹی رہنماو¿ں نے کہا کہ چوہدری حکم داد کا انتقال ایک ایسے مخلص خادم کی جدائی ہے جس کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔
Kashmiri American Chaudhry Hukamdad New York



