نیویارک کے سابق مشیر برائے مئیر گرفتار، سابق پولیس حکام کے گھروں پر چھاپے
سابق میئر ایرک ایڈمز کے قریبی ساتھی اور سابق چیف آف اسٹاف فرینک کیرون بھی الگ وفاقی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار
نیویارک( اردونیوز) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (این وائی پی ڈی) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے بدھ کی صبح جاری ایک مشترکہ کارروائی کے دوران نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے موجودہ اور سابق افسران سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں کئی گھروں کی تلاشی لی گئی اور میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق مئیر کے سابق پولیٹیکل ایڈوائزر کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔نیویارک پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کے مطابق یہ کارروائی جنوبی ضلع نیویارک کے امریکی اٹارنی آفس اور نیویارک پولیس کے انٹرنل افیئرز بیورو کی مشترکہ تحقیقات کا حصہ ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات میں سابق چیف آف ڈیپارٹمنٹ جیفری میڈری سے متعلق مبینہ رشوت ستانی کے الزامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی اور مقامی تفتیش کاروں نے کوئنز میں واقع جیفری میڈری کی رہائش گاہ کے علاوہ سابق ڈپٹی کمشنر ٹارق شیپرڈ اور مین ہیٹن ساوتھ کے موجودہ کمانڈنگ آفیسر جیمز میک کارتھی کے گھروں پر بھی تلاشی کی کارروائیاں کیں۔اس معاملے پر مزید تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے نیویارک پولیس کے ترجمان نے کمشنر جیسیکا ٹش کے جاری کردہ بیان کی طرف اشارہ کیا، جبکہ امریکی اٹارنی آفس کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کمشنر جیسیکا ٹش محکمہ پولیس میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کمشنر اس پورے عمل کی مو¿ثر انداز میں قیادت کریں گی ۔
یاد رہے کہ جیفری میڈری اس سے قبل بھی جنوری 2025 میں وفاقی تحقیقات کی زد میں آ چکے ہیں۔ اس وقت ان کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں بغیر تنخواہ معطل کر دیا گیا تھا۔ ان پر ایک ماتحت خاتون اہلکار کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اضافی ڈیوٹی کے اوقات کی منظوری کے بدلے نامناسب مطالبات کیے تھے۔ ان الزامات کے بعد میڈرے نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
کمشنر جیسیکا ٹش نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے عہدہ سنبھالتے وقت نیویارک کے شہریوں سے وعدہ کیا تھا کہ پولیس محکمہ دیانت داری اور احتساب کے اعلیٰ معیار پر قائم رہے گا۔ ان کے مطابق بدھ کی کارروائیاں اسی عزم کا حصہ ہیں تاکہ اگر کسی اہلکار نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے تو اس کا مکمل اور غیر جانبدارانہ احتساب کیا جا سکے۔
یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سابق میئر ایرک ایڈمز کے قریبی ساتھی اور سابق چیف آف اسٹاف فرینک کیرون کو بھی ایک الگ وفاقی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے، تاہم حکام کے مطابق دونوں تحقیقات کا آپس میں براہ راست تعلق نہیں ہے۔
Ex-NYC Mayoral Advisor Arrested; Former Police Officials’ Homes Raided



