پاکستاناوورسیز پاکستانیز

نیویارک سٹی پبلک ایڈووکیٹ کی پرائمری میں جنیفر راجکمار کی مقبولیت میں اضافہ، مقابلہ سخت تر

Jenifer Rajkumar Gains Ground in Tightening NYC Public Advocate Democratic Primary

نیویارک سٹی کے پبلک ایڈووکیٹ کے عہدے کے لیے ڈیموکریٹک پرائمری کا میدان سخت مقابلے کی طرف بڑھ رہا ہے

نیویارک ( اردو نیوز) نیویارک سٹی کے پبلک ایڈووکیٹ کے عہدے کے لیے ڈیموکریٹک پرائمری کا میدان سخت مقابلے کی طرف بڑھ رہا ہے، جہاں کوئنز سے منتخب اسمبلی ممبر اور سول رائٹس ایڈوکیٹ جنیفر راجکمار نے خاص طور پر بڑی عمر کے ووٹرز میں مضبوط برتری حاصل کر لی ہے۔ سٹی وائیڈ سطح پرکرائے گئے ایک تازہ سروے میں، جو “یونائیٹڈ نیویارکرز فار پروگریس” کی جانب سے 7 سے 11 مئی کے دوران کیا گیا، 1,996 متوقع ڈیموکریٹک ووٹرز نے شرکت کی۔ نتائج کے مطابق راجکمار ووٹرز کی عمر کے ہر طبقے میں مقبولیت حاصل کر رہی ہیں55 سال سے زائد عمر کے ووٹرز میں ان کی حمایت سب سے زیادہ ہے، 40 سے 54 سال کے ووٹرز میں بھی ان کی پوزیشن مضبوط ہے، اور نوجوان ووٹرز (18 سے 39 سال) میں ان کی حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سروے کے مطابق 82.8 فیصد ووٹرز کا ماننا ہے کہ پبلک ایڈووکیٹ کو عوام کا وکیل، منظم کرنے والا، اور حکومتی احتساب کے لیے آواز ہونا چاہیے، جب کہ 79.8 فیصد نے کہا کہ یہ عہدہ ایک تجربہ کار سول رائٹس وکیل اور اتحاد قائم کرنے والے شخص کو سونپا جانا چاہیے، نہ کہ صرف احتجاجی مظاہرے کرنے والے کسی سیاست دان کو۔ شہر کی مجموعی صورت حال کے بارے میں 61.2 فیصد ووٹرز کا خیال ہے کہ نیویارک سٹی غلط سمت میں جا رہا ہے، جب کہ صرف 22.9 فیصد نے کہا کہ شہر درست سمت میں بڑھ رہا ہے۔
خواتین کی قیادت سے متعلق سوال پر بھی سروے میں مثبت رجحان سامنے آیا۔ 57.8 فیصد ووٹرز نے کہا کہ نیویارک سٹی میں کم از کم ایک سٹی وائیڈ عہدہ کسی خاتون کو ضرور ملنا چاہیے، جب کہ 55.2 فیصد نے اس مقولے سے اتفاق کیا کہ “اگر آپ چاہتے ہیں کہ کوئی کام ہو، تو وہ کسی مصروف عورت کو دیں۔”
جب ووٹروں سے پوچھا گیا کہ اگر آج الیکشن ہو تو وہ کس امیدوار کو ووٹ دیں گے، تو 35.2 فیصد نے جنیفر راجکمار کو ترجیح دی، جب کہ 46.6 فیصد نے موجودہ پبلک ایڈووکیٹ جمانے ولیمز کے حق میں رائے دی۔ تاہم لینڈ لائن جواب دہندگان (جن میں 55 سال سے زائد عمر کے ووٹرز غالب تھے) میں راجکمار کو واضح برتری حاصل رہی اور ان کی حمایت 51.8 فیصد رہی۔ 18.2 فیصد ووٹرز نے تاحال فیصلہ نہیں کیا۔
جمانے ولیمز ایک تجربہ کار سیاست دان ہیں، جو سٹی کونسل مین رہ چکے ہیں اور گورنر و لیفٹیننٹ گورنر کے عہدوں کے لیے بھی امیدوار رہ چکے ہیں، جبکہ جنیفر راجکمار ایک سرگرم قانون ساز اور سول رائٹس وکیل ہیں جنہوں نے گھریلو ملازمین کے تحفظ، غیر قانونی ویڈ شاپس کی بندش، اور ماحولیاتی ضوابط کے نفاذ جیسے قوانین متعارف کرائے۔ اس سروے کی قیادت کرنے والے مائیکل ٹوبمین نے اسے راجکمار کے لیے ایک “واضح جیت کی راہ” قرار دیا۔ سروے کا مارجن آف ایرر 2.24 فیصد ہے۔
جون میں ہونے والی ڈیموکریٹک پرائمری میں یہ دیکھنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ کیا جنیفر راجکمار نیویارک سٹی کی اگلی پبلک ایڈووکیٹ بننے میں کامیاب ہوتی ہیں۔

 

Jenifer Rajkumar Gains Ground in Tightening NYC Public Advocate Democratic Primary

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button