پاکستان

سوات کے حالات ٹھیک ہیں، ملالہ یوسف زئی پاکستان واپس آجائے ، سلیم رحمان

الحمد للہ سوات ہی نہیں خیبر پختونخوا اور پاکستان کے حالات ٹھیک ہیں اور ملالہ لئے وطن واپسی کےلئے موزوں ہے، ملالہ بیٹیوں جیسی اور والد ضیاءالدین پرانے دوست ہیں، سلیم رحمان

ملالہ یوسف زئی اور ضیاءالدین واپس سوات آئیں گے تو سوات ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام انہیں خوش آمدید کہیں گے ، سوات کے لوگوں نے جو مشکل وقت دیکھا ہے ، وہ نہیں بھولیں گے
سوات سمیت شمالی علاقہ جات میں میں دو ماہ میں پانچ لاکھ سے زائد سیاحوں نے وزٹ کیا ، صوبے میں سیاحت کو فروغ مل رہا ہے،تعمیر و ترقی کے منصوبے جار ی ہیں، ایم این اے سلیم رحمان کا خطاب
اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ ملک و قوم کی بے پناہ خدمت کی ہے ، کورونا کے دور میں انہوں نے ریکارڈ تعداد میں زرمبادلہ بھیجا ہے ، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حامی ہوں ، سلیم رحمان
نسیم خان علی زئی کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ میں ڈاکٹر علی سمیت کمیونٹی کی اہم شخصیات و ارکان کی شرکت، نسیم علی زئی نے سلیم رحمان کو کمیونٹی کے معاملات سے آگاہ کیا، ڈاکٹرعلی نے خوش آمدید کہا

نیویارک (محسن ظہیر سے ) پاکستان تحریک انصاف کے سوات سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی سلیم رحمان نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی ، ان کے والد ضیاءالدین کو اپنے وطن پاکستان واپس منتقل ہونے کی دعوت دے دی اور دعویٰ کیا ہے کہ سوات سمیت پاکستان بھر میں حالات ٹھیک ہیں اور دہشت گردی پر قابو ہے ۔ سلیم رحمان نے یہ بات اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران پاکستانی امریکن کمیونٹی کے نسیم خان علی زئی کی جانب سے ”پاکستان ہاو¿س بروکلین“ میں دئیے گئے اایک استقبالیہ سے خطاب کے دوران کہی ۔
سلیم رحمان کا کہنا تھا کہ سال 2009کے دہشت گردی کے واقعات میں سب سے زیادہ متاثرہمارا مالا کنڈ ڈویژن اور سوات ہوا۔جو حالات ہم نے دیکھے ، وہ کسی نے نہیں دیکھے ۔ ہم نے روزانہ چوکوں میں سر کٹی لاشیں دیکھی ہیں ۔سوات والوں نے بے سر و سامانی میں جو مشکل وقت دیکھا ہے ، وہ ہم سے نہیں بھولتا۔اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ سوات ، خیبر پختونخوا اور ہمارے پاکستان کے حالات بہت تبدیل ہو چکے ہیں ۔
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ملالہ اور اس کے والد ضیاءالدین کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ لوگوں کے لئے آپ کے وطن سوات اور پاکستان کے دروازے کھلے ہیں ۔آپ اپنے وطن واپس آ جائیں ، آپ کو کچھ بھی نہیں کہا جائے گا، عوام آپ کو خوش آمدید کہیں گے ۔ضیاءالدین میرا پڑوسی اور میرا بہت اچھا دوست ہے ۔ ملالہ یوسف زئی ہماری بیٹی کی طرح ہے ۔بہت خوشی ہے کہ وہ آج جس مقام پر ہے ۔اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ جس نے اس کی جان بچائی اور اسے بے پناہ عزت دی۔ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں سوات اور پاکستان میں دہشت گردی 99فیصد ختم ہو چکی ہے ۔

Al-Rayaan Muslim Funeral Services

سلیم رحمان نے کہا کہ سوات میں سیاحت ایک بار پھر عروج کی طرف جا رہی ہے ۔ جون جولائی میں صرف سوات میں ساڑھے چار لاکھ سے زائد سیاحوں نے رخ کیا ۔تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے دن رات کام کررہی ہے ۔ سیاحت کے فروغ سے عوام کو تفریح اور صحت مند ماحول ہی نہیں بلکہ صوبے میں معاشی ترقی بھی یقینی بنے گی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے تمام سرکاری ریسٹ ہاو¿سوں کو نیلام کر دیا گیا ہے ۔ اب وہاں صرف اثر و رسوخ رکھنے والے اور سرکاری حکام کی بجائے کوئی بھی شخص جو کہ ایک معقول کرائیہ ادا کرسکتا ہے ، قیام کر سکے گا۔
کورونا وائرس وبا کے بارے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الحمد للہ کورونا وائرس وبا کا حکومت نے موثر طریقے سے مقابلہ کیا ہے ، ملک بھر میں کیس نہ ہونے کے برابرہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے احساس پروگرا م کے تحت غریب لوگو ں کو اربوں روپے کی امداد دی ہے ۔ ہم نے کے پی صوبے میں عام لوگوں کو دو ماہ میں 12سوارب روپے کی امداد دی ہے ۔
سلیم رحمان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ زرمبادلہ کی شکل میں پاکستان کی مدد کی ہے ۔ موجودہ کورونا وائرس وبا کے دوران اوورسیز پاکستانیوں نے پہلے سے زیادہ زرمبادلہ بھیجا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو قبول نہیں کرے گا ۔ اس موقف کو مسلم دنیا میں بہت سراہا گیا ہے ۔ پاکستان الحمد اللہ عالمی سطح پر بھی عمران خان کی قیادت میں اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔
سلیم رحمان نے کہا کہ ہم ذاتی طور پر اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ووٹ کے حق کا بہت بڑا حامی ہوں اور اس مقصد کے لئے قومی اسمبلی میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرونگا۔ وزیر اعظم عمران خان سے اس مسلہ پر ذاتی طور پر بات کرونگا۔ایک اور سوال کے جواب میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ہماری حکومت کے تین سال باقی ہیں ، ان سالوں میں ہم اپنے تمام وعدے پورے کریں گے اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میںکھڑا کریں گے ۔
قبل ازیں نسیم خان علی زئی نے سلیم رحمان کو امریکہ آمد پر خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے انہیں اوورسیز پاکستانیوں کے حالات و معاملات سے آگاہ کیا ۔ نسیم علی زئی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں ووٹ کا حق اور الیکشن لڑنے کا حق ملنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے سال میں اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے وطن کو ریکارڈ زرمبادلہ بھیجا ہے ۔ نسیم علی زئی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی امریکی نظام میں شرکت کو یقینی بنانے اور ووٹرز رجسٹریشن کے لئے ان کا ادارہ دن رات کام کررہا ہے۔
ڈاکٹر علی نے کہا کہ سلیم رحمان کی سوات اور عوام کے لئے گرانقدر خدمات ہیں ، پاکستانی امریکن کمیونٹی انہیں امریکہ آمد پر خوش آمدید کہتی ہے ۔

Related Articles

Back to top button