اوورسیز پاکستانیز

نیویارک سے پاکستانی امریکن کانگریس کےلئے میدان میں آگئے

کیون شکیل میڈیز نے کانگریشنل الیکشن لڑنے کا اعلان اپنے والد شکیل شیخ سمیت کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے ہمراہ ایک بڑی تقریب میں کیا

نیویارک (اردونیوز ) نیویارک سٹی کے نواحی علاقے ناسا کاؤنٹی (لانگ آئی لینڈ ) کے ڈسٹرکٹ چار کے ہونیوالے کانگریس کے الیکشن میں پاکستانی نژاد امریکی کیون شکیل میڈیز میدان میں آگئے ہیں ۔ اگر وہ کامیاب ہوتے ہیں تو یو ایس کانگریس میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی امریکن ہوں گے ۔ کیون شکیل میڈیز نے کانگریشنل ڈسٹرکٹ چار سے الیکشن لڑنے کا اعلان اپنے والد اور کمیونٹی کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت شکیل شیخ سمیت کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے ہمراہ ایک بڑی تقریب میں کیا ۔

واضح رہے کہ کانگریشنل ڈسٹرکٹ چار نیویارک سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹ پارٹی کی موجودہ کانگریس وومین کیتھلین رائس نے آئندہ ٹرم کے لئے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد اب یہ سیٹ ”اوپن “ ہو رہی ہے۔ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے کانگریشنل ڈسٹرکٹ چار کے امیدوار کےلئے 28جون کو پرائمری الیکشن ہوں گے او ر جو پرائمری الیکشن جیتے گا، وہی اس حلقے سے ڈیموکریٹک پارٹی کا امیدوار ہوگا۔
پرائمری الیکشن میں کیون شکیل میڈیز کے علاوہ ڈیموکریٹک پارٹی کے دیگر امیدواران بھی میدان میں سامنے آرہے ہیں تاہم کیون شکیل جو کہ پاکستانی ہونے کے ساتھ ساتھ لاطینو نژاد امریکی بھی ہیں ، کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کمیونٹی کے لئے کانگریشنل الیکشن میں کامیابی کا ایک اہم موقع ہے ۔

کیون شکیل کی تقریب میں کمیونٹی کی اہم شخصیات مفتی عبدالرحمان قمر، مخدوم سید تصور الحسن شاہ گیلانی ،لوئیس مینڈیز،ظہیر احمد مہر، عامر شیخ ، ڈاکٹر آصف رحمان ، لطیف شیخ اور بنگلہ دیشی امریکن کمیونٹی سے شاہ نواز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور سب نے کیون شکیل میڈیز کی الیکشن میں بھرپور سپورٹ اور حمایت کا اعلان کیا ۔

Related Articles

Back to top button