امریکی ویزہ اور گرین کارڈ منسوخ ہو سکتا ہے، یو ایس امیگریشن کی بڑی وارننگ
USCIS: Advocating Violence or Terrorism Can Cost You Your U.S. Visa or Green Card Eligibility

امریکہ میں ویزا یا گرین کارڈ لینا ایک رعایت ہے، قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی ناقابل برداشت ہو گی ، یو ایس امیگریشن کی سخت وارننگ
واشنگٹن ڈی سی( محسن ظہیر سے )یو ایس سٹیزن شپ ایند امیگریشن سروسز(یو ایس سی آئی ایس۔USCIS) نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک سخت پیغام جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکہ میں ویزا یا گرین کارڈ حاصل کرنا ایک “رعایت” (privilege) ہے، نہ کہ کوئی حق۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی فرد تشدد کی حمایت کرتا ہے، دہشت گردی کی سرگرمیوں کو سراہتا یا ان کی ترغیب دیتا ہے، تو وہ امریکہ میں رہنے کا اہل نہیں رہے گا۔
یو ایس سٹیزن شپ ایند امیگریشن سروسزکی اس پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ کے قوانین اور اقدار کا احترام ہر اس شخص پر لازم ہے جو یہاں رہنے یا مستقل رہائش حاصل کرنے کا خواہشمند ہے۔ “اگر آپ تشدد کی حمایت کرتے ہیں، دہشت گردی کی سرگرمیوں کی تائید یا ترغیب دیتے ہیں، تو آپ امریکہ میں رہنے کے اہل نہیں ہیں۔”
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکومت امیگریشن کے معاملات میں مزید سختی لانے پر غور کر رہی ہے، خاص طور پر ایسے افراد کی جانچ پڑتال کے حوالے سے جو سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت انگیز یا پرتشدد بیانیہ پھیلاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، یو ایس سی آئی ایس کی یہ وارننگ نہ صرف امیگریشن پالیسی میں ممکنہ تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر سرگرمیوں کو بھی امیگریشن فیصلوں میں شامل کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کی طرف اشارہ کرتی ہے۔کچھ سول رائٹس تنظیموں نے اس قسم کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ان پالیسیوں سے آزادی اظہار رائے پر اثر پڑ سکتا ہے اور بعض مخصوص کمیونٹیز کو ہدف بنایا جا سکتا ہے۔تاحال یو ایس سی آئی ایس کی جانب سے اس بیان کی مزید وضاحت یا کسی نئی پالیسی کے اجرا کا اعلان نہیں کیا گیا، لیکن ماہرین کا ماننا ہے کہ مستقبل قریب میں سوشل میڈیا مانیٹرنگ اور امیگریشن کی اہلیت کے معیار میں تبدیلی متوقع ہے۔
USCIS: Advocating Violence or Terrorism Can Cost You Your U.S. Visa or Green Card Eligibility
https://x.com/USCIS/status/1917579697333956937