پاکستان میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سمر اسکالرز پروگرام کا آغاز، 54 ممالک سے منتخب 45 نوجوان شریک
وفاقی وزیر احسن اقبال نے ”مٹی کی پکار“اوورسیز سمر اسکالرز پروگرام 2026 کا افتتاح کر دیا، عالمی جامعات کے طلبہ دو ماہ تک پالیسی سازی میں حصہ لیں گے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانی نوجوانوں کے لیے “مٹی کی پکار” اوورسیز سمر اسکالرز پروگرام 2026 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس پروگرام کا آغاز حکومت کے “اڑان پاکستان” وڑن کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں شریک کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت صرف اس کی جغرافیائی اہمیت نہیں بلکہ اس کے باصلاحیت لوگ ہیں، چاہے وہ ملک کے اندر ہوں یا دنیا کے کسی بھی حصے میں مقیم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے لیے دنیا کے 54 ممالک سے تقریباً 2,000 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے سخت میرٹ کی بنیاد پر 45 غیر معمولی اوورسیز پاکستانی اسکالرز کا انتخاب کیا گیا۔ یہ نوجوان دنیا کی معروف اور ممتاز جامعات سے تعلق رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس سال پہلی بار بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور قازقستان سے تعلق رکھنے والے تین بین الاقوامی اسکالرز بھی پروگرام میں شامل ہوئے ہیں، جو اس اقدام پر عالمی اعتماد اور اس کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ماہ کے دوران یہ اسکالرز وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی سینئر قیادت کے ساتھ مل کر اڑان پاکستان کے امپاورمنٹ، ایکوئٹی، ماحولیات، انرجی، ایکسپورٹ کے تحت مختلف شعبوں میں پالیسی سازی، تحقیق اور قومی ترقی کے منصوبوں پر عملی کام کریں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اڑان پاکستان صرف ایک ترقیاتی پروگرام نہیں بلکہ ٹیلنٹ، میرٹ اور قومی تعمیر کی ایک تحریک ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں موجود پاکستانی ذہانت، تجربے اور جدت کو وطن کی ترقی سے جوڑنا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان معاشی استحکام کی بنیاد رکھ چکا ہے اور اب ملک پائیدار ترقی، عالمی مسابقت اور علم پر مبنی معیشت کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق باصلاحیت نوجوان ہی پاکستان کے روشن مستقبل، ترقی اور خوشحالی کی حقیقی ضمانت ہیں۔
First Ever Summer Scholars Program Launched for Overseas Pakistanis in Pakistan



