امیگریشن چھاپے : کیا نیویارک کی باری بھی آگئی !!
نیویارک کے علاقے چائنا ٹاؤن کی معروف کینال اسٹریٹ پر منگل ،21اکتوبرکی دوپہر فیڈرل ایجنٹس نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے کم از کم چار افراد کو حراست میں لے لیا
نیویارک کے علاقے چائنا ٹاؤن کی معروف کینال اسٹریٹ پر منگل ،21اکتوبرکی دوپہر فیڈرل ایجنٹس نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے کم از کم چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ یہ کارروائی مبینہ طور پر وفاقی اداروں کی جانب سے غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف چھاپہ بتائی جا رہی ہے
نیویارک( اردو نیوز) نیویارک کے علاقے چائنا ٹاؤن کی معروف کینال اسٹریٹ پر منگل ،21اکتوبرکی دوپہر فیڈرل ایجنٹس نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے کم از کم چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ یہ کارروائی مبینہ طور پر وفاقی اداروں کی جانب سے غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف چھاپہ بتائی جا رہی ہے۔مختلف امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ اور ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز کے اہلکاروں نے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کی، جس دوران وہ مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر سڑکوں پر سامان فروخت کرنے والے افراد کی تلاش میں تھے۔
نیویارک سٹی کے ترجمان نے اس واقعے کو ایک “وفاقی قانون نافذ کرنے والی کارروائی” قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ نیو یارک سٹی ہال کسی بھی وفاقی ادارے کے ساتھ شہریوں کی ملک بدری کے معاملات میں تعاون نہیں کرتا، کیونکہ یہ مقامی قوانین کے منافی ہے۔ترجمان کے مطابق، میئر ایرک ایڈمز نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ “غیر دستاویزی نیویارکرز جو امریکی خواب کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا نشانہ نہیں بننا چاہیے۔ قانون نافذ کرنے والے وسائل کو پرتشدد جرائم پیشہ افراد پر مرکوز ہونا چاہیے۔”
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اس آپریشن میں شریک نہیں تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، حراست میں لیے گئے افراد کو 26 فیڈرل پلازہ منتقل کیا گیا، جو نیویارک میں امیگریشن کا مرکزی دفتر ہے اور جہاں ماضی میں متعدد احتجاجی مظاہرے اور دھرنے ہو چکے ہیں۔
میئر ایڈمز کے ترجمان نے بتایا کہ سینئر سٹی افسران 26 فیڈرل پلازہ پر موجود ہیں، اور اگر حالات بگڑنے کا خدشہ پیدا ہوا تو NYPD کو مداخلت کی ہدایت دی گئی ہے۔سوشل میڈیا ایپ Citizen App پر جاری ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجنوں مظاہرین نے موقع پر جمع ہو کر “اینٹی ICE” نعرے لگائے، جب کہ پولیس نے ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے بیریئرز لگا دیے۔کینال اسٹریٹ نیویارک میں ایک مشہور تجارتی مرکز ہے، جہاں غیر رسمی دکانداری عام ہے۔ تاہم غیر قانونی وینڈنگ (street vending) عام طور پر NYPD کے دائرہ کار میں آتی ہے، مگر اس بار وفاقی اداروں کی شمولیت نے شہریوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ابھی تک ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) کی جانب سے اس واقعے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
Immigration raids, Canal Street, New York



