پاکستانی امریکن کمیونٹی کا ڈاکٹر یونس کی وفات پر اظہار تعزیت،کمیونٹی خدمات کو خراج تحسین
ڈاکٹر یونس کی وفات کی خبر ، سٹیٹن آئی لینڈ کی پاکستانی کمیونٹی کو رنجیدہ کر گئی اور کمیونٹی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر یونس کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی اور ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا

نیویارک ( اردونیوز) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویار ک کی جانب سے ڈاکٹر محمد یونس کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا گیا ہے اور ان کی کمیونٹی کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر یونس جو کہ کچھ عرصہ قبل ،سٹیٹن آئی لینڈ، نیویارک سے ڈیلاس ، ٹیکساس منتقل ہو گئے تھے ، کا ڈیلاس میں چند روز قبل انتقال ہو گیا ۔ وہ کچھ عرصہ قبل علیل ہوئے اور زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ ڈاکٹر یونس کی نماز جنازہ ڈیلاس میں ادا کی گئی اور انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
ڈاکٹر یونس جو کہ پیشے کے اعتبار سے ڈینٹل ڈاکٹر تھے ، نے تین سے زائد دہائیوں سٹیٹن آئی لینڈ، نیویارک میں اپنی اہلیہ شاہانہ یونس کے ہمراہ گذاریں ۔ ان کے دو بیٹے ڈاکٹرز تھے اور دونوں ٹیکساس منتقل ہو گئے ۔ڈاکٹر یونس ، نے بطور ڈینٹسٹ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی اہلیہ شاہانہ کے ہمراہ ڈیلاس ، ٹیکساس میں بچوں کے پاس منتقل ہونے کا فیصلہ کیا جس کے بعد وہ سٹیٹن آئی لینڈ میں اپنا گھر فروخت کرکے مستقل ٹیکساس منتقل ہو گئے ۔
ڈاکٹر یونس کا شمار نیویارک اور بالخصوص سٹیٹن آئی لینڈ کی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتاز سماجی شخصیات میں ہوتا تھا۔ ان کا گھر کمیونٹی کی سماجی تقریبات کا مرکز ہوا کرتا تھا ۔نیویارک سے ٹیکساس منتقل ہونے سے قبل کمیونٹی رہنما اجمل چوہدری نے ڈاکٹر یونس اور شاہانہ یونس کے اعزاز میں پر تکلف الوداعی دعوت کا اہتمام کیا گیا جس میں دوست احباب اور کمیونٹی کی اہم شخصیات شریک ہوئیں ۔اس موقع پر ڈاکٹر یونس کو الوداع کہنے کے ساتھ ساتھ ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ اب ڈاکٹر یونس کی وفات کی خبر ، سٹیٹن آئی لینڈ کی پاکستانی کمیونٹی کو رنجیدہ کر گئی اور کمیونٹی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر یونس کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی اور ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
Dr Younas of Staten Island passes away



