بین الاقوامی

نیویارک میں جعفرئیہ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے زیر اہتمام 40 واں جلوسِ عاشورہ

جعفرئیہ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ(JANA) کے زیر اہتمام نیویارک میں40واں سالانہ مرکزی جلوس پارک ایونیو ، نیویارک سٹی میں نکالا گیا

سید اصطفیٰ نقوی اور جعفرئیہ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے زیر اہتمام جلوس میں ٹرائی سٹیٹ سمیت دیگر امریکی ریاستوں سے ہزاروں عزاداران کی شرکت، فضاءلبیک یا حسین ؑ سے گونجتی رہی
شیخ فاضل السہلانی کی قیادت میں نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد مجلس عزا منعقد ہوئی، مولانا سید ارتضیٰ حسین نقوی ، سید اصطفیٰ نقوی ،مولانا حسن قضوانی ، سعید کرمانی اور علی نجال کے خطابات
جاوید حسین نے مجلس کی نظامت کے فرائض انجام دئیے ، مرثیہ اور نوحہ خوانان کا بار گاہ امامت ؑ میں نذرانہ عقیدت ، جلوس میں شبیہ ذوالجناح سمیت شبیہات ، علم بھی شامل ، سبیلوں کے اہتمام

نیویارک ( اردو نیوز) جعفرئیہ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ(JANA) کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی عاشورہ محرم کا نیویارک میں40واں سالانہ مرکزی جلوس پارک ایونیو ، نیویارک سٹی میں نکالا گیا جس میں ہزاروں عزاداران نے شرکت کی ۔ جلوس جس میں شبیہ ذوالجناح، شبیہ روضہ امام حسین ؑ سمیت علم بھی شامل تھے ، میں نیویارک ٹرائی سٹیٹ ایریا کے علاوہ دیگر امریکی ریاستوں سے عزاداران شریک ہوئے اور پارک ایونیو کی فضاءتمام وقت لبیک یا حسین ؑ کے نعروں سے گونجتی رہی ۔جلوس میں سیاہ ماتمی لباس پہنے عزاداران موجود تھے، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ یہ سالانہ جلوس ہر سال کی طرح اس بار بھی تعداد کے اعتبار سے پہلے سے زیادہ بڑا نظر آیا۔

جعفرئیہ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کی ٹیم نے ہر سال کی طرح اس بار بھی انتہائی محنت اور لگن کے ساتھ امریکہ بھر میں سب سے قدیم عاشورہ جلوس کا انعقاد کیا۔جعفرئیہ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کی ٹیم نے ہر سال کی طرح اس بار بھی انتہائی محنت اور لگن کے ساتھ امریکہ بھر میں سب سے قدیم عاشورہ جلوس کا انعقاد کیا۔جعفرئیہ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے 40 واں سالانہ قدیم ترین جلوس حسب معمول نیویارک سٹی کے مصروف ترین علاقے 50 اسٹریٹ اور پارک ایونیو سے شروع ہوا، جس میں نیویارک کی مختلف مذہبی تنظیموں، انجمنوں اور ماتمی دستوں نے بھرپور شرکت کی۔ سید اصطفی ٰ نقوی اور جعفرئیہ ایسوسی ایشن کے ساتھیوں کے زیر اہتمام اس سالانہ جلوس کا آغاز نمازظہرین کی ادائیگی سے ہوا،شیخ فاضل السہلانی کی اقتداءمیں نماز ظہرین ادا کی گئی جس کے بعد پارک ایونیو اور 50سٹریٹ پر ہی مجلس عزاءمنعقد ہوئی ،مجلس کی نظامت کے فرائض جاوید حسین نے ادا کئے۔ مجلس عزا سے مولانا سید ارتضیٰ حسین نقوی ، سید اصطفیٰ نقوی ،مولانا حسن قضوانی ، سعید کرمانی اور علی نجال نے خطاب کیا اور یوم عاشور کے حوالے سے خصوصی بیان کئے ۔ نوحہ و مرثیہ خوانان ماسٹر نیاز، راشد زیدی ، حماد حسن رضوی ، ساجد حسین اور عاطف پرویز نے نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی کی ۔ مجلس عزا کا آغاز عارف حسینی کی جانب سے تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا۔
جعفرئیہ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے سید اصطفیٰ نقوی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الحمد للہ گذشتہ چالیس سالوں سے نیویارک سٹی میں یوم عاشور کا جلوس نکالا جا رہا ہے جس میں عزاداران کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے اور حسینیت کا پیغام عام ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسینؑ کا پیغام یہ ہے کہ انصاف کے لیے اکیلے بھی کھڑا ہونا پڑے تو اس سے گریز نہ کیا جائے۔
سید اصطفی ٰ نقوی نے مزید کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے انسانیت کی بقا اور حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکے دین کو بچانے کے لیے کربلا کے میدان میں اپنی، اپنے پورے خاندان اور جانثار ساتھیوں کی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ آج دنیا میں 57 اسلامی ممالک ہیں مگر مظلوم مسلمانوں کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے امام حسین ؑجیسا اسوہ نظر نہیں آتا۔ امام حسین ؑنے شہادت قبول کی مگر جھکے نہیں۔
مولانا سیدارتضیٰ حسین نقوی نے اپنے خطاب میں واقعہ کربلا کو انسانی تاریخ کا اہم ترین واقعہ قرار دیا کہ کس طرح نواسہِ رسولؑ نے دینِ اسلام کو سربلند کیا۔ انہوں نے جلوس میں عزاداروں کے جوش و خروش کو سراہا اور کہا کہ دنیا میں روزِ اول سے دو ہی قوتیں ہیں، ایک حق کی اور دوسری باطل کی ۔میدان کربلا میں حق کو فتح نصیب ہوئی اور یہ فتح تا قیامت سربلند رہے گی اور باطل ہمیشہ اس کے سامنے سرنگوں رہے گا۔ امام حسینؑ نے یزید جیسے ظالم حکمران کے سامنے جھکنے سے انکار کر کے آزادی اور انصاف کا راستہ دکھایا۔
مولانا حسن قضوانی ، سعید کرمانی اور علی نجال کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام اور انکے با وفا اصحاب کے مصائب پر گریہ کرنے سے انسان کی روح میں اک نور و اس کے نفس میں اک خاص قسم کا آرام و سکون پیدا ہوتا ہے کہ یہی نور و آرام اس انسان کی روحانی و باطنی اصلاح و ترقی کا باعث بنتا ہے۔ اس اصلاح روحانی سے انسان زیادہ سے زیادہ خداوند کے قریب ہوتا ہے۔ مولانا حسن قضوانی نے کہا کہ امریکہ کو دووسروں کی جنگوں کا حصہ نہیں بننا چاہئیے ، امریکہ فرسٹ اور امریکہ کو گریٹ بنانا ہے تو جنگیں نہیں بلکہ امن قائم کرنا ہوگا۔ ہم امن والے لوگ ہیں اور امن والوں کو سپورٹ کرتے ہیں ۔
جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا 65اسٹریٹ اور میڈیسن ایونیو پر ختم ہوا۔ راستے بھر نوحہ و مرثیہ خواں سوز و سلام، نوحے اور منقبت پیش کرتے رہے اور ماتم داری کی جاتی رہی۔نوجوانوں نے بڑے بڑے علم اٹھا رکھے تھے، اور روایتی طور پر شبیہِ ذوالجناح اور جھولے برآمد کیے گئے۔ سخت گرمی کے باوجود عزاداروں کے لیے پانی اور مشروبات کی سبیلیں لگائی گئی تھیں اور نیاز کا وسیع اہتمام کیا گیا تھا۔

 

 

 

Urdu News USA

Urdu News USA https://www.urdunewsus.com/

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button