میڈی کیڈ فراڈ کیس میں ذکیہ خان کو 76 ماہ قید، 56 ملین ڈالر سے زائد جرمانہ
میڈی کیڈ فراڈ کیس ، بروکلین کی وفاقی عدالت کی جج نتاشا نے فیصلہ سنا دیا
میڈی کیڈ فراڈ کیس میں ذکیہ خان کو 76 ماہ قید، 56 ملین ڈالر سے زائد جرمانہ
قید کے ساتھ ساتھ 56 ملین ڈالرز سے زائد رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے اور فراڈ سے حاصل ہونے والی 5 ملین ڈالر کی رقم ضبط کرنے کا حکم دیا، بروکلین کی وفاقی عدالت کی جج نتاشا نے فیصلہ سنا دیا
نیویارک (اردو نیوز) بروکلین کی وفاقی عدالت نے میڈیکیڈ سے 64 ملین ڈالر کے فراڈ اور غیر قانونی کک بیک اسکیم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی ذکیہ خان کو 76 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔امریکی ڈسٹرکٹ جج نتاشا سی مرل نے ذکیہ خان کو سزا سناتے ہوئے 56 ملین ڈالر سے زائد رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے اور فراڈ سے حاصل ہونے والی 5 ملین ڈالر کی رقم ضبط کرنے کا حکم دیا۔ ضبط شدہ اثاثوں میں دو جائیدادیں، نقد رقم اور سونے کے زیورات بھی شامل ہیں جو ان کے گھر کی تلاشی کے دوران قبضے میں لیے گئے تھے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ذکیہ خان بروکلین کے کونی آئی لینڈ علاقے میں دو سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر مراکز، ہیپی فیملی سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر سینٹر اور فیملی سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر سینٹر کی مالک تھیں۔ وہ ریسپانسبل کیئر اسٹافنگ نامی ہوم ہیلتھ کیئر کمپنی اور ٹین وی سروسز نامی ادارے سے بھی وابستہ تھیں، جسے مبینہ طور پر فراڈ سے حاصل ہونے والی رقم وصول کرنے اور چھپانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
حکام کے مطابق اکتوبر 2017 سے جولائی 2024 تک مارکیٹرز نے کک بیکس اور رشوت کے عوض میڈیکیڈ کے مریضوں کو ذکیہ خان کے مراکز میں رجسٹر کرایا۔ مریضوں کو بھی مراکز کی خدمات حاصل کرنے پر غیر قانونی نقد رقم دی گئی، جبکہ ایسی خدمات کے بارے میں میڈیکیڈ کو غلط دعوے بھیجے گئے جو حقیقت میں فراہم نہیں کی گئی تھیں۔سال2017 سے 2024 کے دوران دونوں ڈے کیئر مراکز نے میڈیکیڈ کو تقریباً 64 ملین ڈالر کے جعلی بل بھیجے، جن میں سے تقریباً 56 ملین ڈالر میڈیکیڈ نے ادا کیے۔
Brooklyn Adult Daycare Owner Sentenced to 76 Months in Prison for Leadership Role in $68 Million Medicaid Fraud Scheme https://t.co/q2XrEKQ7rJ
— US Attorney EDNY (@EDNYnews) September 9, 2026
حکام کے مطابق ذکیہ خان اور ان کے ساتھیوں نے مختلف کاروباری اداروں کے ذریعے فراڈ کی رقم کو منتقل کیا اور اس رقم سے مارکیٹرز اور میڈیکیڈ کے مستحقین کو غیر قانونی کک بیکس اور رشوت ادا کی گئی۔
ذکیہ خان نے اگست 2025 میں ہیلتھ کیئر فراڈ کی سازش اور امریکی حکومت کو دھوکہ دینے اور غیر قانونی ہیلتھ کیئر کک بیکس کی ادائیگی کی سازش کے الزامات میں جرم قبول کیا تھا۔
اس کیس کی تحقیقات ہوم لینڈ سکیورٹی انویسٹی گیشنز، امریکی محکمہ صحت و انسانی خدمات کے آفس آف انسپکٹر جنرل اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کیں۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد میڈیکیڈ پروگرام کے ذریعے فراہم کیے جانے والے سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے خلاف کارروائی اور ٹیکس دہندگان کو فراڈ سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔



