نیویارک: کوینزکے ڈینٹسٹ ڈاکٹرسلیمان نسیمی پر میڈیکیڈ سے 3 لاکھ ڈالر سے زائد فراڈ کا الزام، 40 سنگین الزامات میں گرفتار
ڈاکٹر سلیمان نسیمی پر الزام ہے کہ دانتوں کے علاج کے بغیر ہی میڈیکیڈ سے رقم وصول کی گئی، مریضوں کو بھی ضروری علاج کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
نیویارک: کوینزکے ڈینٹسٹ ڈاکٹرسلیمان نسیمی پر میڈیکیڈ سے 3 لاکھ ڈالر سے زائد فراڈ کا الزام، 40 سنگین الزامات میں گرفتار
ڈاکٹر سلیمان نسیمی پر الزام ہے کہ دانتوں کے علاج کے بغیر ہی میڈیکیڈ سے رقم وصول کی گئی، مریضوں کو بھی ضروری علاج کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
تحقیقات میں یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ جولائی 2022 کے دوران سلیمان نسیمی نے ایسے وقت میں ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کے علاج کے بل جمع کرائے جب ان کا کلینک بند تھا اور وہ انگلینڈ، فرانس اور یونان کے دورے پر تھے
نیویارک (اردو نیوز یو ایس اے) نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے کوینز میں ڈینٹل پریکٹس چلانے والے 46 سالہ ڈینٹسٹ سلیمان نسیمی کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے ایسے سینکڑوں دانتوں کے علاج کے بل میڈیکیڈ کو بھیجے جو حقیقت میں کیے ہی نہیں گئے۔ حکام کے مطابق مبینہ فراڈ کے ذریعے میڈیکیڈ سے 3 لاکھ ڈالر سے زائد رقم حاصل کی گئی۔
اٹارنی جنرل کے دفتر کے میڈیکیڈ فراڈ کنٹرول یونٹ کی تحقیقات کے مطابق ناساؤ کاؤنٹی کے علاقے ہکس ول میں رہائش پذیر سلیمان نسیمی نے یکم جنوری 2020 سے 31 اگست 2024 کے دوران اپنے ڈینٹل کلینک ”ٹوتھ فریش میڈوز“ کے ذریعے میڈیکیڈ کو مبینہ طور پر غلط بل جمع کرائے۔ ان بلوں میں روٹ کینال اور پورسلین کراو¿ن لگانے سمیت مختلف طریقہ ہائے علاج شامل تھے، حالانکہ حکام کے مطابق یہ علاج کیے ہی نہیں گئے تھے۔
تحقیقات میں یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ جولائی 2022 کے دوران نسیمی نے ایسے وقت میں ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کے علاج کے بل جمع کرائے جب ان کا کلینک بند تھا اور وہ انگلینڈ، فرانس اور یونان کے دورے پر تھے۔
حکام کے مطابق کم از کم 35 میڈیکیڈ مستفید ہونے والے افراد کے نام پر مبینہ طور پر غلط دعوے جمع کرائے گئے۔ اس کا نقصان مریضوں کو بھی اٹھانا پڑا، کیونکہ میڈیکیڈ کے ریکارڈ میں ان کے دانتوں کے علاج کو پہلے ہی مکمل ظاہر کیا جا چکا تھا۔ بعد میں جب بعض مریض دوسرے ڈینٹسٹ کے پاس علاج کے لیے گئے تو انہیں مطلوبہ علاج کی پیشگی منظوری حاصل کرنے میں مشکلات پیش آئیں، کیونکہ میڈیکیڈ پہلے ہی ان طریقہ ہائے علاج کے لیے نسیمی کو ادائیگی کر چکا تھا۔
اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے کہا کہ میڈیکیڈ سے جعلی بلنگ کے ذریعے رقم چرانے والے افراد ضرورت مند نیویارک کے شہریوں کے لیے علاج کا حصول مزید مشکل بنا دیتے ہیں۔ ان کے مطابق ہر شہری معیاری دانتوں کے علاج کا حق رکھتا ہے اور ان کا دفتر ایسے ڈینٹسٹوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا جو مریضوں کی ضروریات پر ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں۔
سلیمان نسیمی اور ان کی کمپنی کے خلاف عدالت میں الگ الگ 40، 40 الزامات پر مشتمل فردِ جرم کی شکایات پیش کی گئیں۔ ان پر سیکنڈ ڈگری میں بڑی رقم کی چوری کی ایک دفعہ، سیکنڈ ڈگری میں طبی خدمات کے فراڈ کی دو دفعات، تھرڈ ڈگری میں طبی خدمات کے فراڈ کی دو دفعات اور سرکاری ریکارڈ میں پہلی ڈگری کے تحت غلط دستاویزات جمع کرانے کی 35 دفعات عائد کی گئی ہیں۔
اگر نسیمی سنگین ترین الزام میں مجرم قرار پاتے ہیں تو انہیں ریاستی جیل میں پانچ سے 15 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔اس تحقیقات میں نیویارک اسٹیٹ آفس آف دی میڈیکیڈ انسپکٹر جنرل اور ڈینٹل سروسز فراہم کرنے والے ادارے ڈینٹا کویسٹ نے بھی معاونت کی۔
قانونی وضاحت۔ سلیمان نسیمی کے خلاف عائد الزامات تاحال الزامات ہی ہیں۔ جب تک عدالت میں جرم ثابت نہیں ہوتا، انہیں قانون کے مطابق بے گناہ تصور کیا جائے گا۔
Queens Dentist Dr. Suleman Nasimi Arrested in Alleged $300,000 Medicaid Fraud Scheme
For latest news visit — Urdu News USA



