نیویارک سٹی کونسل کے خصوصی انتخاب میں پاکستانی امریکن حارث بھٹی میدان میں
حارث بھٹی نے کارنیل یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے، انہیں نیویارک سٹی کے میئر کی جانب سے قیادت، سماجی خدمات اور تعلیمی کارکردگی کے اعتراف اسکالر ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے
نیویارک سٹی کونسل کے خصوصی انتخاب میں پاکستانی امریکن حارث بھٹی میدان میں
حارث بھٹی نے کارنیل یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے، انہیں نیویارک سٹی کے میئر کی جانب سے قیادت، سماجی خدمات اور تعلیمی کارکردگی کے اعتراف میں ای ورجل کانوے اسکالر ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے
نیویارک (محسن ظہیر سے)امریکہ میں تین نومبر کو ہونے والے مڈٹرم انتخابات کے دوران نیویارک سٹی کونسل کے ڈسٹرکٹ 3 میں بھی خصوصی انتخاب ہوگا، جس میں پاکستانی نڑاد امریکی حارث بھٹی آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ اس نشست پر ان کا مقابلہ کارل ولسن سے ہوگا۔
حارث بھٹی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتاز سماجی شخصیات بدر بھٹی اور ناہید بھٹی کے صاحبزادے ہیں۔ ان کی انتخابی مہم میں مساوات، یکساں مواقع اور ثقافتی آزادی کے تصورات کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ وہ نیویارک کے شہریوں کے لیے صحت کی سہولتوں تک رسائی، فنون و ثقافت کے شعبوں کی معاونت اور مختلف کمیونٹیز کے حقوق کے حوالے سے اپنے موقف کو اجاگر کر رہے ہیں۔
حارث بھٹی نے اپنی انتخابی ترجیحات میں یونیورسل ہیلتھ کیئر، آزاد کشمیر اور آزاد فلسطین کی حمایت اور نیویارک کے فنون و ثقافت کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے نکات شامل کیے ہیں۔ ان کے مطابق شہری معاملات اور مقامی حکومت کی پالیسیوں میں عوامی ضروریات کو اہمیت دینا ضروری ہے۔
حارث بھٹی نے کارنیل یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ انہیں نیویارک سٹی کے میئر کی جانب سے قیادت، سماجی خدمات اور تعلیمی کارکردگی کے اعتراف میں ای ورجل کانوے اسکالر ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے۔
وہ نیویارک ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کے ساتھ انتخابی قوانین میں بہتری کے لیے قانون سازی کے امور پر کام کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے تعلیمی پالیسیوں کے حوالے سے بین الاقوامی قانون سازوں کے ساتھ بھی تعاون کیا ہے۔
حارث بھٹی کے مطابق، وہ کمیونٹی بورڈ کے اجلاسوں میں شرکت کرتے رہے ہیں، جہاں انہیں مقامی مسائل اور شہری ضروریات کو سمجھنے کا موقع ملا۔ سٹی ہال میں قانون سازی اور بلدیاتی معاملات کا مشاہدہ بھی ان کے تجربے کا حصہ رہا ہے۔
ان کی ترجیحات میں نیویارک پبلک لائبریری کا تحفظ اور تعلیمی اداروں میں ہراسانی اور غنڈہ گردی کے خاتمے کی حمایت بھی شامل ہے، خواہ یہ مسائل امریکہ میں ہوں یا بیرون ملک۔سیاسی سرگرمیوں کے علاوہ حارث بھٹی موسیقی میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں اور معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے مداح ہیں۔
تین نومبر کے انتخاب میں حارث بھٹی کی شرکت پاکستانی امریکن کمیونٹی کے لیے نیویارک کی مقامی سیاست میں دلچسپی کا ایک اہم حوالہ ہے۔ اس انتخاب کے ذریعے ڈسٹرکٹ 3 کے ووٹرز کو سٹی کونسل میں اپنی نمائندگی کے لیے امیدواروں کے موقف اور ترجیحات کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔
Pakistani American Haris Bhatti Runs as an Independent Candidate for New York City Council District 3 in November 3 Special Election, Pledging to Champion Universal Healthcare, Cultural Freedom, and Community Issues



