پاکستان

ایپل نے فولڈ ہونیوالے آئی فون سمیت آئی فون 18 پرو اور نئی ایپل واچ متعارف کروادی

فولڈ ہونیوالے نئے آئی فون اور آئی فون پرو میں تیز رفتار چپ، بہتر کیمرہ، طویل بیٹری اور مصنوعی ذہانت کی نئی سہولتیں متعارف

ایپل نے فولڈ ہونیوالے آئی فون سمیت آئی فون 18 پرو اور نئی ایپل واچ متعارف کروادی

آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت ایک ہزار ایک سو ننانوے ڈالر جبکہ پرو میکس کی قیمت ایک ہزار دو سو ننانوے ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ صارفین بارہ ستمبر سے پیشگی آرڈر دے سکیں گے

نیویارک ( محسن ظہیر سے ) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی سالانہ تقریب میں آئی فون کی نئی جنریشن سمیت کئی اہم مصنوعات اور سہولتوں کا اعلان کردیا ہے۔ کمپنی نے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ نئی ایئرپوڈز، ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا 4 بھی پیش کی ہیں۔
ایپل کے مطابق آئی فون 18 پرو اور پرو میکس میں کارکردگی، بیٹری، کیمرے اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں نمایاں بہتری کی گئی ہے۔ نئے فون میں کمپنی کی نئی اے 20 پرو چپ استعمال کی گئی ہے، جو دو نینو میٹر ٹیکنالوجی پر تیار کی گئی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی چپ گزشتہ جنریشن کے مقابلے میں زیادہ تیز اور توانائی کے استعمال میں زیادہ موثر ہے ۔

نئے آئی فون میں مصنوعی ذہانت کو بھی مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔ ایپل کے مطابق نئی سہولتیں فون میں موجود ذاتی معلومات، روزمرہ معمولات اور استعمال ہونے والی مختلف خدمات کو باہم مربوط کرکے صارف کو زیادہ ذاتی نوعیت کی مدد فراہم کریں گی۔ نئی سری ،پہلے سے زیادہ سمجھ بوجھ کے ساتھ صارف کے سوالات کا جواب دے سکے گی، مختلف معلومات تلاش کرے گی اور بعض کام خود انجام دے سکے گی۔
نئے آئی فون 18 کے کیمرے میں بھی بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ مرکزی کیمرہ اڑتالیس میگا پکسل کا ہے اور اس میں روشنی کی مقدار کو ضرورت کے مطابق تبدیل کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ اس سے کم روشنی میں بہتر تصاویر لینے کے علاوہ منظر میں قریب اور دور موجود اشیا کی وضاحت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ صارفین کو تصویر لینے کے بعد منظر کی ترتیب، روشنی اور دیگر پہلوو¿ں میں مزید تبدیلی کی سہولت بھی دی گئی ہے۔
ایپل نے تصاویر کی اصلیت برقرار رکھنے کے لیے ایک نئی سہولت بھی متعارف کرائی ہے۔ کمپنی کے مطابق فون تصویر بناتے وقت اس کی معلومات محفوظ انداز میں درج کرے گا، جس سے اصل تصویر کی شناخت میں مدد مل سکے گی۔ یہ سہولت خاص طور پر صحافیوں اور پیشہ ور فوٹوگرافروں کے لیے اہم قرار دی گئی ہے۔
آئی فون 18 پرو کی بیٹری کارکردگی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق پرو ماڈل میں ویڈیو دیکھنے کے لیے چھتیس گھنٹے تک جبکہ پرو میکس میں پینتالیس گھنٹے تک بیٹری چل سکتی ہے۔ تیز رفتار تار کے ذریعے چارجنگ سے فون تقریباً پندرہ منٹ میں پچاس فیصد تک چارج ہوسکتا ہے۔
آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت ایک ہزار ایک سو ننانوے ڈالر جبکہ پرو میکس کی قیمت ایک ہزار دو سو ننانوے ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ صارفین بارہ ستمبر سے پیشگی آرڈر دے سکیں گے جبکہ نئی مصنوعات اٹھارہ ستمبر سے دستیاب ہوں گی۔
ایپل نے نئی ایئرپوڈز بھی متعارف کرائی ہیں جن میں شور کم کرنے کی بہتر سہولت، اردگرد کی آواز سننے کا طریقہ، ذاتی نوعیت کی آواز اور براہ راست ترجمے کی سہولت شامل ہے۔ کمپنی کے مطابق نئی ایئرپوڈز میں پچھلی نسل کے مقابلے میں شور کم کرنے کی صلاحیت پچاس فیصد زیادہ ہے۔ ان کی ابتدائی قیمت ایک سو انتیس ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ بہتر بیٹری اور بے تار چارجنگ والے ماڈل کی قیمت ایک سو انچاس ڈالر ہوگی۔
تقریب میں ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا 4 بھی پیش کی گئیں۔ نئی ایپل واچ میں صحت اور جسمانی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے بہتر نظام شامل کیا گیا ہے۔ دل کی دھڑکن، نیند، ورزش اور جسمانی بحالی سے متعلق معلومات پہلے سے زیادہ باقاعدگی سے حاصل کی جائیں گی۔
نئی ایپل واچ صارف کی روزمرہ جسمانی کیفیت کا جائزہ لے کر یہ بتانے میں بھی مدد کرے گی کہ اسے ورزش میں زیادہ زور لگانا چاہیے یا آرام کو ترجیح دینی چاہیے۔ صحت سے متعلق نئی سہولتیں مختلف معلومات کو یکجا کرکے صارف کو طویل مدت میں اپنی صحت کے رجحانات سمجھنے میں مدد دیں گی۔
ایپل نے ایپل واچ میں آوازوں کو سمجھنے والی نئی مصنوعی ذہانت کی سہولت بھی متعارف کرائی ہے۔ ایپل واچ ہنگامی سائرن، خطرے کی گھنٹی، دروازے کی گھنٹی یا بچے کے رونے جیسی آوازوں کی شناخت کرکے صارف کو اطلاع دے سکے گی۔
ایک اور نئی سہولت کے ذریعے صارف گزشتہ پندرہ سیکنڈ میں کہی گئی بات دوبارہ تحریری شکل میں دیکھ سکے گا۔ اس کے علاوہ روزمرہ گفتگو کے اہم نکات محفوظ کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے، تاہم ایپل کے مطابق صارف خود طے کرے گا کہ یہ سہولت کب فعال ہو۔
ایپل واچ سیریز 12 کی ابتدائی قیمت تین سو ننانوے ڈالر جبکہ ایپل واچ الٹرا 4 کی قیمت سات سو ننانوے ڈالر رکھی گئی ہے۔ دونوں ایپل واچ کے پیشگی آرڈر شروع ہوچکے ہیں اور اٹھارہ ستمبر سے دستیاب ہوں گی۔

Urdu News USA

Urdu News USA https://www.urdunewsus.com/

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے