نیویارک پولیس ہیڈ کوارٹر میں نائن الیون میں جانیں قربان کرنیوالے پولیس آفیسرز کی یاد میں یادگاری دیوار
مئیر ظہران ممدانی نے پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کے ہمراہ پولیس ہیڈ کوارٹر میں یادگاری دیوار کا افتتاح کیا، پولیس آفیسرز کی قربانیوں کو خراج تحسین
نیویارک پولیس ہیڈ کوارٹر میں نائن الیون میں جانیں قربان کرنیوالے پولیس آفیسرز کی یاد میں یادگاری دیوار
مئیر ظہران ممدانی نے پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کے ہمراہ پولیس ہیڈ کوارٹر میں یادگاری دیوار کا افتتاح کیا، پولیس آفیسرز کی قربانیوں کو خراج تحسین
نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی اور پولیس کمشنر جیسیکا ایس ٹش نے ون پولیس پلازہ میں نائن الیون (9/11)کے حملوں اور اس کے بعد بیماریوں کے باعث جانیں گنوانے والے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کی یاد میں نئی یادگاری دیوار کی نقاب کشائی کی۔ یہ تقریب نائن الیون حملوں کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ہوئی۔
میئر زوہران ممدانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 11 ستمبر 2001 کو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر لوگوں کی مدد کے لیے ورلڈ ٹریڈ سینٹر جانے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے خاص طور پر آفیسر جان ولیم پیری کا ذکر کیا، جو حملوں کے وقت ون پولیس پلازہ میں پولیس سے استعفیٰ دینے کی کارروائی مکمل کر رہے تھے، تاہم طیارہ ٹکرانے کے بعد انہوں نے اپنا پولیس بیج واپس لیا اور جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوگئے۔ میئر ممدانی کے مطابق 11 ستمبر کے حملوں میں نیویارک پولیس کے 23 اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ بعد کے برسوں میں نائن الیون سے متعلق بیماریوں کے باعث 450 سے زیادہ پولیس اہلکار جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”کبھی نہ بھولیں“ محض ایک جملہ نہیں بلکہ ان اہلکاروں کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور بیمار ہونے والے سابق اہلکاروں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ہے۔
پولیس کمشنر جیسیکا ایس ٹش نے کہا کہ 11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے میں 23 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ ہزاروں اہلکاروں نے کئی دنوں، ہفتوں اور مہینوں تک ملبے اور زہریلے مواد کے درمیان امدادی اور بحالی کے کام جاری رکھے۔ ان کے مطابق اب تک 469 سے زیادہ NYPD اہلکار نائن الیون کے بعد خدمات سے متعلق بیماریوں کے باعث جان سے جا چکے ہیں۔
کمشنر ٹش نے کہا کہ یادگاری دیوار نئی نسلوں کو یہ سمجھانے میں مدد دے گی کہ نائن الیون کے بعد پولیس اہلکاروں نے کس غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا اور ان کی قربانیوں نے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کو کس طرح تشکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے ان اہلکاروں کی یاد اور ان کی خدمات کو محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
چیف آف ڈیپارٹمنٹ مائیکل جے لی پیٹری نے بتایا کہ نائن الیون کے بعد خدمات انجام دینے کے نتیجے میں 1700 سے زیادہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ اہلکار ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے متعلق معذوری کی بنیاد پر ریٹائر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملوں کے 25 سال بعد بھی محکمہ ان اہلکاروں اور خاندانوں کے نقصان کے اثرات سے دوچار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی یادگاری دیوار پولیس ہیڈکوارٹر کے مرکز میں موجود رہے گی تاکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے پولیس اہلکار ان افراد کو یاد رکھیں جنہوں نے نیویارک شہر کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔



